نصراللہ خان زیرے کی کراچی میں ڈی ایم ڈی سوئی سدرن سے ملاقات، کوئٹہ و بلوچستان میں گیس لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں کا معاملہ اٹھایا

شدید سردی میں بلاتعطل گیس فراہمی، پریشر کی بحالی اور نئے کنکشنز کا مطالبہ، مدنی صدیقی کی زیادہ سے زیادہ صارفین کو گیس فراہمی کی یقین دہانی


کوئٹہ /کراچی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے اور پارٹی کے ضلع کوئٹہ کے معاون سیکرٹری اکبر کلیوال نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر (DMD) مدنی صدیقی سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات میں کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پریشر میں کمی، گیس کی عدم دستیابی، نئے علاقوں تک گیس پائپ لائنوں کی توسیع، نئے کنکشنز اور صارفین کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئٹہ اور صوبے کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث عوام کو گیس کی مسلسل اور بلاتعطل فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید سرد موسم میں گیس کی عدم دستیابی عوام کے لیے سنگین مشکلات کا باعث بنتی ہے اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے گھریلو صارفین کو گیس کی مناسب فراہمی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سردیوں کے دوران کوئٹہ اور صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، گیس پریشر میں کمی کا مسئلہ حل کیا جائے اور عوام کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں گیس پائپ لائنوں کی توسیع اور نئے علاقوں کو گیس کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ملاقات کے دوران صارفین کو موصول ہونے والے غیر معمولی اور بھاری گیس بلوں کا مسئلہ بھی تفصیل سے زیرِ بحث آیا۔ پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ صارفین کو ناجائز اور اضافی بلوں سے نجات دلائی جائے، بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر مدنی صدیقی اور کمپنی کے دیگر متعلقہ حکام نے پارٹی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی کوشش ہوگی کہ رواں موسمِ سرما کے دوران کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں اور علاقوں کے زیادہ سے زیادہ صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔پارٹی رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کمپنی حکام عوام کو درپیش ان بنیادی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert