دو شاہی خاندان نئے صوبے نہیں بننے دے رہے، عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے خون خرابے کا خوف دلایا جا رہا ہے، ارشاد بھٹی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو شاہی خاندان نئے صوبے نہیں بننے دے رہے، عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے خون خرابے کا خوف دلایا جا رہا ہے
موجودہ نظام ناکام ہو چکا ہے اور نئے صوبوں کی ضرورت ہے، حکومت میں شامل افراد خود اس نظام اور پارلیمنٹ کی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہیں تو وہ عوام کے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں۔
حکومت نے ریفرنڈم کی حمایت کا اعلان کیا ہے، کون سی حکومت؟ آپ غالباً نون لیگ کی حکومت کی بات کر رہے ہوں گے، تو کیا نواز شریف کی پریس کانفرنس ہو چکی ہے، وہ ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں؟ کیا شہباز شریف اس پر قوم سے خطاب کر چکے ہیں؟ کیا مریم نواز صاحبہ اس پر بات کر چکی ہیں کہ ریفرنڈم ہم کروانے جا رہے ہیں، عوام تیار ہو جائے؟ کیا نون لیگ کا کوئی پارٹی اجلاس ہوا ہے اور اس کے بعد کسی وزیر نے کہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ جو وزیر سامنے آکر کہہ رہے ہیں، ہمیں کئی نون لیگی آف دی ریکارڈ بتاتے ہیں کہ جب ہم پوچھتے ہیں کہ آپ چپ کیوں ہیں تو کہتے ہیں جو بول رہے ہیں ان کا حال دیکھ لیا ہے، تو ہم نے بھی تو یہی کہنا تھا۔
یعنی آپ کی بھی وہی رائے ہے؟ تو وہ کہتے ہیں رائے کو چھوڑیں، ہم نے بھی وہی کرنا تھا جو وہ پہلے سے کر رہے ہیں۔ تو ہم کہتے ہیں اچھا آپ بھی نئے صوبوں کے حق میں نہیں ہیں، نئے انتظامی یونٹس کے حق میں نہیں ہیں، بن ہی نہیں سکتا، بھائی کیسے بناؤ گے؟ بات کر لیں، شوق پورا کر لیں، پھر بعد میں آنا تو ہمارے پاس ہی ہے نا، بن ہی نہیں سکتے۔
ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ آف دی ریکارڈ یہ باتیں کرتے ہیں، آن دی ریکارڈ دو چار لوگ ہلکی پھلکی ڈھولکی پر قوم کو اور میڈیا کو بے وقوف بناتے رہتے ہیں کہ یہ ہو جائے گا، وہ ہو جائے گا۔
جو پیپلز پارٹی بول کر کر رہی ہے، یہ خاموش رہ کر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری بات کہ ان کو کرنے دیں، جلدی نہ کریں۔ ہاں بالکل جلدی نہیں کرنی چاہیے۔ ان کو کن کو؟ یہ پولیٹیکل ایلیٹ کو، یعنی دو شاہی خاندانوں کو۔ کیوں کرنے دیں؟ جی یہ خود ذمہ دار ہوں گے، ان سے پھر ہم جواب طلبی لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت انہوں نے کیا تھا، لے لی آپ نے جواب طلبی؟ کہ کیا کیا آپ نے میثاق جمہوریت کا، سوا ستیاناس دفن کر دیا خود ہی۔
اٹھارویں آئینی ترمیم میں بہت ساری اچھی باتیں ہیں، لیکن جو اٹھارویں ترمیم کی روح رواں چیزیں تھیں وہ نہیں ہوئیں، تو کیا جواب طلبی ہم نے ان سے لے لی؟ ہم تو روز چیختے رہتے ہیں، کیا انہوں نے ہمیں کبھی جواب دینے کی جسارت کی؟
سینئر صحافی نے کہا کہ بلاول بھٹو صاحب، جو اٹھائیسویں آئینی ترمیم کے بعد کہتے ہیں کہ شکر الحمدللہ اور اب کہتے ہیں کہ جبری اکثریت، تو ان سے ہم نے کوئی جواب طلبی لے لی؟ نیب ترامیم انہوں نے کیں، پیکا ایکٹ انہوں نے کیا، جلسہ جلوس قانون سازیاں انہوں نے کیں، چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم انہوں نے کیں، کوئی ایک بتائیں کہ ہم ان سے عوام کے فائدے میں، ملک کے فائدے میں جواب طلبی لے سکتے ہیں؟ نہیں لے سکتے اور جب ان کا خود اپنا مفاد ہوتا ہے تو یہ کرتے ہیں، لہٰذا ان سے کوئی جواب طلبی نہیں ہوگی۔
ارشاد بھٹی نے کہا کہ نئے صوبوں کی ضرورت ہے، ہاں بالکل ہے، یہ نظام ناکام ہو چکا ہے، یہ نظام ڈیلیور نہیں کر رہا، موجودہ ڈھانچہ ناکام ہو چکا ہے۔ سب کچھ تبدیل ہوگا جب نئے صوبے بنیں گے، نئے انتظامی یونٹس بنیں گے اور عوام کی زندگی میں تبدیلی بھی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کہہ رہے ہیں کہ پارلیمنٹ میں ہوگا، راستہ وہی ہوگا جو آئین کا راستہ ہے، ریفرنڈم بھی آئینی طریقے سے ہوگا اور ایسے ہی ہونا چاہیے۔
لیکن مجھے یہ تو بتائیں کہ یہ جو باتیں کر رہے ہیں، جو حکومت میں بیٹھے ہیں، بلاول صاحب جو چند دن انقلاب برپا کر کے، اب کنٹرول آصف علی زرداری صاحب کر رہے ہیں اور انہوں نے کافی حد تک کوشش بھی کی ہے، تو مجھے یہ بتائیں کہ یہ پارلیمنٹ عوامی نمائندہ ہے؟ یہ ہماری حکومت ہے جس کو ہم نے دیا تھا؟ کیا یہ وہی چہرے ہیں جو سامنے آئے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ خود اصلی نہیں ہیں، جب ان کی پارلیمنٹ پر شک ہے فارم 47 کا، تو پھر یہ کس طرح سے ہمارے فیصلے کر سکتے ہیں؟ اور اگر کوئی اچھی چیز ہو رہی ہے تو اس سے روک کیسے سکتے ہیں؟ ریفرنڈم سے کیسے خون خرابہ ہوگا، کیسے بغاوت ہوگی، کیسے بھائی بھائی کو مارے گا؟
ارشاد بھٹی نے کہا کہ ریفرنڈم کے جو سارے مخالف ہیں، کہیں کہ ہم نے نہیں صوبہ بنانا، تو نہیں بنیں گے۔
اور سندھ کے صوبے نے سارے نے ہاں بھی کر دی تو پھر بھی آپ کے پاس فیصلہ ہے، پھر بھی آپ کی پارلیمنٹ میں آنا ہے۔ یہ جو پہلے کوئی پانچ لاجیکل دلیلیں دے دیں بلاول بھٹو کہ اس وجہ سے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو میں مان جاتا ہوں۔ کوئی لاجیکل دلیل نہیں ہے، دو شاہی خاندان ہیں، دو ٹبر ہیں جو یہ نہیں ہونے دے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیچے آف دی ریکارڈ سارے کہتے ہیں کہ بننے تو چاہیے لیکن کیا کریں، پارٹی مانے گی تو پھر۔
اللہ کرے کہ نئے صوبے بنیں، اللہ کرے کہ ہر صوبے کا فعال بلدیاتی نظام ہو، اللہ کرے اس بار دو شاہی خاندانوں کی سازشیں ناکام ہوں، اللہ کرے کہ اس پر جمہوریت کے نام پر ہم پر مسلط دو شاہی خاندانوں کی دو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کو شکست ہو، نئے صوبے بنیں، نئے لوگ آئیں، عوام کے مسئلے حل ہوں اور کارکردگی بہتر ہو۔
آخر میں ارشاد بھٹی نے کہا کہ اب ان کی پرفارمنس صفر بٹا صفر، ملک کو ریورس گیئر لگا ہو، عوام رل گئے، اور خبردار بات نہ کرو ورنہ لات مار دیں گے، خبردار بات نہ کرو ورنہ خون خرابہ ہوگا، ورنہ بغاوت ہوگی، یہ ہے جمہوریت۔

WhatsApp
Get Alert