پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، ترکیہ کا جدید ترین تحقیقی جہاز کراچی پہنچ گیا

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان کے سمندر کی تہہ میں تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے ترکیہ کاجدیدترین سیسمک تحقیقی جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سمندری حدود میں 20 سال بعد تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے بڑے مشن کے آغاز کے لیے ترکیہ کا جدید ترین سیسمک تحقیقی جہاز ’’اورُچ رئیس‘‘ کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے، جہاں کراچی پورٹ کی جانب سے اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔.

کے پی ٹی حکام نے ترکیہ کے تحقیقی جہاز کی آمد کو پاک ترک بحری اور توانائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ترین سیسمک ٹیکنالوجی اور تحقیقی آلات سے لیس یہ جہاز پاکستانی سمندری حدود میں آف شور سروے کرے گا، جس کے ذریعے سمندر کی تہہ میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کی جائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس آف شور سروے سے پاکستان کے سمندر میں چھپے توانائی کے پوشیدہ ذخائر دریافت کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔ جہاز کی آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور بحری تحقیق کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert