غیر ملکی عدالتی ڈگری کو پاکستان میں نافذ نہیں کیا جاسکتا: سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ آف پاکستان نے نجی کمپنی کی اپیل پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ غیر ملکی عدالتی ڈگری کو براہ راست پاکستان میں نافذ العمل نہیں کیا جا سکتا۔
سپریم کورٹ نے ایک نجی کمپنی کی اپیل دو ایک کی اکثریت سے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ اور ماتحت عدالت کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
مقدمے میں متحدہ عرب امارات کی وفاقی اور ابوظبی کی مقامی عدالتوں کی قانونی حیثیت اور غیر ملکی عدالتی فیصلوں کے پاکستان میں نفاذ سے متعلق قانونی نکات کا جائزہ لیا گیا۔
اکثریتی فیصلے میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس محمد شفیع صدیقی نے قرار دیا کہ ابوظبی کی مقامی اپیل عدالت کو متحدہ عرب امارات کی وفاقی اپیل عدالت تصور نہیں کیا جا سکتا، مقامی عدالتی اختیارات وفاقی عدالتوں کو منتقل کرنے کے لیے مخصوص وفاقی قانون کا ہونا ضروری ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ لاہور ہائی کورٹ متعلقہ ڈگری کو دفعہ 44-A کے تحت پاکستان میں نافذ کرنے کا اختیار نہیں رکھتی تھی، لہٰذا ماتحت عدالت اور لاہور ہائی کورٹ کے احکامات برقرار نہیں رہ سکتے۔
کیس میں دو رکنی بینچ کے ارکان کے درمیان اختلافِ رائے کے بعد معاملہ تیسرے جج کو بطور ریفری بھجوایا گیا تھا، جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریفری جج کی حیثیت سے جسٹس منیب اختر کی رائے سے اتفاق کیا جس کے نتیجے میں اکثریتی فیصلہ سامنے آیا۔
دوسری جانب جسٹس عرفان سعادت خان نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اپنی اختلافی رائے میں مؤقف اختیار کیا کہ ابتدائی عدالت کا فیصلہ اپیلٹ عدالت کے فیصلے میں ضم ہو چکا تھا، اس لیے زیرِ نفاذ ڈگری کو اپیلٹ عدالت کی ڈگری تصور کیا جانا چاہیے۔
جسٹس عرفان سعادت خان کے مطابق متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے تسلیم شدہ باہمی نفاذ والا علاقہ ہے اور اپیلٹ عدالت کی ڈگری پاکستان میں نافذ کی جا سکتی ہے۔
سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں غیر ملکی عدالتی فیصلوں کے پاکستان میں نفاذ، متحدہ عرب امارات کی وفاقی اور مقامی عدالتوں کے دائرہ اختیار اور ضابطہ دیوانی کی دفعہ 44-A کی تشریح سے متعلق اہم قانونی اصول وضع کیے گئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert