مجھے صدر زرداری نے لگایا ہے اور میں پیپلزپارٹی کا ہوں، گورنر خیبرپختونخواہ


پشاور (قدرت روزنامہ) گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں وفاق اور صدر مملکت آصف علی زرداری کا نمائندے ہوں، مجھے پیپلزپارٹی نے ہی گورنر نامزد کیا جس کے باعث میں اس عہدے تک پہنچا، تاہم آئینی عہدوں پر فائز ہونے کے بعد پارٹی کے اصولوں کے تحت ان عہدوں کا احترام کیا جاتا ہے، سیاسی معاملات میں اتنی تلخیاں نہیں ہونی چاہئیں کہ فریقین آپس میں بیٹھ کر بات ہی نہ کر سکیں بلکہ مسائل کا حل مذاکرات اور آئینی فورمز کے ذریعے نکالنا چاہیئے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ وفاق کے نمائندے ہیں اور اس وقت وفاق کے سربراہ صدر زرداری نے انہیں نامزد کیا، پارٹی کے چیئرمین نے نامزدگی کی اور وہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کے اصولوں کے مطابق جب کوئی رہنماء اسپیکر بنتا ہے یا کسی آئینی عہدے پر فائز ہوتا ہے تو اس عہدے اور اس کے تقاضوں کا احترام کیا جاتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بطور گورنر ان کی موجودگی میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ ہوئی لہٰذا وہ یقینی طور پر وفاق اور صدر زرداری کے نمائندے ہیں، جب گورنر راج سے متعلق سمری اور سفارش صدر مملکت کے پاس گئی اور انہوں نے اس پر دستخط کیے تو انہوں نے انہیں اپنا نمائندہ بنایا، جب وہ اس عہدے سے ہٹیں گے یا جائیں گے تو پہلے کی طرح پیپلز پارٹی کے ہی کارکن ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری سے متعلق وفاقی وزراء کے بیانات کے حوالے سے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، سیاسی و باہمی تعلقات میں اتنی تلخیاں پیدا نہیں ہونی چاہئیں کہ فریقین آپس میں بیٹھ کر بات ہی نہ کر سکیں، طرزِ عمل ایسا ہونا چاہیے جس سے بات چیت کے دروازے کھلے رہیں اور کشیدگی کے بجائے مفاہمت کی فضا کو فروغ ملے۔
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخواہ نے ماضی میں نہروں کے معاملے پر پنجاب اور سندھ کے درمیان پیدا ہونے والی تلخیوں کا حوالہ دیا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں نہروں پر شدید تلخیاں تھیں اور ٹی وی چینلز پر روز رات کو سخت بحث و تکرار اور گھتم گھتا کی صورتحال ہوتی تھی، تاہم جب مشترکہ مفادات کونسل کا فورم حرکت میں آیا تو مسئلہ گھنٹے کے اندر حل ہوگیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارہ جاتی فورمز اور مذاکرات کے ذریعے پیچیدہ تنازعات کو باآسانی سلجھایا جا سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert