دینی مدارس اور جمعیت علما اسلام کو دباؤ یا لالچ کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی: مولانا عبدالواسع

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن آئین کی بالادستی و جمہوریت کی توانا آواز ہیں، کردار کشی کرنیوالے تاریخ کے کوڑے دان میں گم ہو جائینگے: موسیٰ خیل امن کانفرنس سے خطاب


موسی خیل (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام تحصیل توئی سر ضلع موسی خیل میں عظیم الشان مفتی محمود امن کانفرنس منعقد ہوئی، جس سے جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر حضرت مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ، مولانا غلام سرور موسی خیل اور حاجی عزیز اللہ آغا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن ملک کے نظریاتی تشخص کے تحفظ، آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی اور دینی مدارس کے دفاع کی توانا آواز ہیں۔مقررین نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے انگریز سامراج کے سامنے سر جھکانے کے بجائے پھانسی کے پھندے قبول کیے، برصغیر کی آزادی کے لیے ان کے اجساد درختوں پر لٹکائے گئے، لیکن انہوں نے غلامی قبول نہیں کی۔ آج انگریز سامراج کے زرخرید غلام جمعیت علما اسلام اور دینی مدارس کو دبانے کی غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔ مولانا مدنی، شیخ الہند، مفتی محمود اور مولانا فضل الرحمن کی فکر سے وابستہ جماعت کو مٹانے کی خواہش رکھنے والے خود تاریخ کے کوڑے دان میں گم ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی سیاسی بصیرت، استدلال اور اصولی مقف کا جواب بداخلاقی، منفی پروپیگنڈے اور حکومتی ہتھکنڈوں کے ذریعے دیا جا رہا ہے۔ محب وطن علما کرام اور دینی مدارس کے منتظمین کو خوف اور لالچ کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوششیں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گی۔مقررین نے کہا کہ دینی مدارس کی پشت پر ایک ایسا نظریہ اور تاریخ موجود ہے جو کٹ تو سکتی ہے مگر جھک نہیں سکتی۔ جمعیت علما اسلام نہ کسی دبا سے مرعوب ہوگی اور نہ ہی دھمکیوں کے ذریعے اسے خاموش کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے وسائل، عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور دینی مدارس کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور جماعت ہر قسم کے نامساعد حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

WhatsApp
Get Alert