گیس، بجلی اور صاف پانی کی فراہمی سمیت نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا اولین ترجیح ہے: حاجی علی مدد جتک
عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کا مشن پوری ذمہ داری سے جاری رکھیں گے، مسائل کے حل کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں: صوبائی وزیر زراعت

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر زراعت حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ علاقے کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے پہلے بھی بھرپور کوششیں کی ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے، عزم اور تسلسل کے ساتھ عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھا جائے گا۔یہ بات انہوں نے میڈیا نمائندوں اور انہیں مبارکباد دینے کے لیے آنے والے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور علاقائی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں گیس، بجلی اور صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔صوبائی وزیر نے خصوصی طور پر نوجوانوں کے روزگار کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہوگا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں اور حکومتی سطح پر مؤثر رابطے اور کوششیں کی جائیں گی تاکہ علاقے کے تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ عوام نے جس اعتماد اور محبت کا اظہار کیا ہے، وہ ان کے لیے باعثِ فخر بھی ہے اور ایک بڑی ذمہ داری بھی۔ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔صوبائی وزیر زراعت نے مبارکباد دینے کے لیے آنے والے تمام معززین، عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے ان کا رابطہ پہلے کی طرح برقرار رہے گا، عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے عوامی خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
