پنجاب کابینہ کی ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول میں تعینات سابق ایس ایس جی افسران کے لیے 4 اضافی الاؤنسز کی منظوری
محکمہ خزانہ نے اضافی الاؤنسز کی ادائیگی پر اعتراض کیا، کابینہ نے متعلقہ پالیسی کے تحت منظوری دے دی، ادائیگیاں اسکول کے موجودہ بجٹ سے کی جائیں گی

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کابینہ نے لاہور کے ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول میں تعینات سابق اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) افسران کے لیے 4 اضافی مالی الاؤنسز کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے محکمہ داخلہ نے سابق ایس ایس جی افسران کو اضافی الاؤنسز دینے کی تجویز صوبائی کابینہ کو ارسال کی تھی، جس پر کابینہ نے منظوری دے دی۔
منظور کیے گئے اضافی الاؤنسز میں پولیس الاؤنس، لاء اینڈ آرڈر الاؤنس، ایلیٹ الاؤنس اور ایک دیگر اضافی الاؤنس شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ نے مجوزہ اضافی ادائیگیوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے انہیں قواعد کے تحت قابلِ ادائیگی نہیں سمجھا تھا، تاہم کابینہ نے متعلقہ پالیسی کے تحت محکمہ خزانہ کے تحفظات کے باوجود تجویز کی منظوری دے دی۔
منظوری کے بعد سابق ایس ایس جی افسران کو اضافی الاؤنسز کی ادائیگی لاہور کے ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول کے موجودہ بجٹ سے کی جائے گی۔
