ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے پنجاب حکومت کا 24 گھنٹے فعال ڈیجیٹل معاون نظام متعارف
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا آغاز، 7 زبانوں میں رہنمائی اور آف لائن سہولت بھی دستیاب ہوگی، بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے ننکانہ صاحب کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے دنیا بھر سے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے فعال ڈیجیٹل پیلگرم اسسٹنٹ (Digital Pilgrim Assistant) متعارف کرا دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب آمد، رہائش کے انتظامات اور مذہبی تقریبات سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یاتریوں کے لیے تمام ضروری معلومات ایک جگہ دستیاب ہوں گی، جس سے انہیں اپنے سفر اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران سہولت میسر آئے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل معاون نظام 7 زبانوں میں معلومات فراہم کرے گا، جن میں اردو، انگریزی، ہندی اور پنجابی سمیت دیگر زبانیں شامل ہیں۔ اس نظام میں آف لائن رسائی کی سہولت بھی رکھی گئی ہے تاکہ یاتری انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باوجود قابل اعتماد اور بروقت معلومات حاصل کرسکیں۔
دوسری جانب بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں ننکانہ صاحب میں تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں اور شہر کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
گوردوارہ جنم استھان سمیت شہر کے تمام 7 گوردواروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے منور کردیا گیا ہے، جبکہ موٹروے انٹرچینج اور اہم چوراہوں پر بھی خصوصی آرائش اور روشنیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے شہر میں سکھ مذہبی روایات اور مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے یاتریوں کے استقبال اور سہولت کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
