حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے نمائش پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے: سینیٹر مولانا عبدالواسع

قومی سوالات کا جواب طاقت کے بجائے دلیل اور مکالمے سے دیا جائے، دینی مدارس اور وسائل کا تحفظ ناگزیر ہے: کنگری کانفرنس سے خطاب


کنگری/ ضلع موسی خیل (ڈیلی قدرت کوئٹہ) تحفظ دینی مدارس کانفرنس سے جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ، حافظ محمد یوسف، مولانا کمال الدین، مولانا غلام سرور موسی خیل، میر یونس عزیز زہری، اصغر خان ترین اور دیگر رہنماں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قومی سوالات اور آئینی و جمہوری مطالبات کا جواب طاقت، دھونس اور شرانگیزی سے دینا دراصل مکالمے اور جمہوری طرزِ عمل سے فرار ہے۔ آئین کی بالادستی، دینی مدارس کا تحفظ اور بلوچستان کے قومی وسائل و معدنیات پر عوام کے جائز حقوق کا احترام ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی حقیقی ترقی و خوشحالی کا راستہ یہاں کے عوام کو اعتماد میں لینے، وسائل کی منصفانہ تقسیم، آئین و قانون کی حکمرانی اور دینی و قومی شناخت کے تحفظ سے ہوکر گزرتا ہے؛ طاقت کے بجائے دلیل، تصادم کے بجائے مکالمہ اور محرومی کے بجائے عوامی حقوق کی ضمانت ہی پائیدار امن و ترقی کی بنیاد ہے۔صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی زندگیوں کو تباہ و برباد کرنے میں حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکومتی ناقص پالیسیوں، غیر سنجیدہ طرزِ حکمرانی اور عوامی مسائل سے مسلسل چشم پوشی نے صوبے کو سنگین بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے، حکومت اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے نمائش پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔

WhatsApp
Get Alert