حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی فی لیٹر قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 319 روپے مقرر کردی گئی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھتے ہوئے 357 روپے مقرر کردی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 24 نومبر کیلئے ہوگا۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پندرہ روز بعد ملک بھر میں کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پندرہ دن بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کر دیں گے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کا طریقہ کار کسی صورت قبول نہیں۔
وائس چیئرمین طارق حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت آئل ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نواز رہی ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر منافع 10 روپے سے بڑھا کر 24 روپے کیا جائے، پیٹرولیم ڈیلرز کے لیے 8 فیصد منافع مقرر کیا جائے۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ حکومت ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع کم کرے، پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع میں بتدریج اضافہ کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے روزانہ 6 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کرتے ہیں، عوام سے پیٹرولیم لیوی وصول کرکے حکومت کو ادا کرتے ہیں۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اصل اسٹیک ہولڈر ہم ہیں، حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے جائز مطالبات سنے۔

WhatsApp
Get Alert