بلوچستان کے عوام بندوق کے بجائے جمہوری اور پُرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں: مولانا ہدایت الرحمٰن
مقامی وسائل پر عوام کا حق تسلیم کیا جائے، بارڈرز کھولے جائیں اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہو، مینارِ پاکستان سمیت چاروں صوبوں میں آواز بلند کرینگے: وفود سے گفتگو

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ صادق شہید فٹبال گراؤنڈ کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ’’بدل دو نظام‘‘ جلسہ عام میں کارکنان، عوام الناس اور شہریوں کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ بلوچستان کے عوام بندوق اور مسلح جدوجہد کے بجائے جمہوری، آئینی اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ عوام کو ان کے بنیادی حقوق، روزگار، تعلیم، صحت اور زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو امن و ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ خوف و دہشت کی فضا کے باوجود ہزاروں نوجوانوں اور عوام کی بھرپور شرکت پر ان کے مشکور ہیں۔ ان شاء اللہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کا حقیقی حل جماعت اسلامی کی دیانت دار اور مخلص قیادت کے پاس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں سے آنے والے جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اب اپنے حقوق کے حصول کے لیے بیدار اور متحد ہوچکے ہیں۔ عوام کی یہ بھرپور شرکت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ وہ ظلم، ناانصافی، بدامنی، مہنگائی، بے روزگاری، استحصال اور محرومیوں سے نجات چاہتے ہیں۔ عوام اب کھوکھلے نعروں اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام حقوق کے حصول کے لیے متحد ہوکر مزاحمتی،آئینی اور جمہوری جدوجہد میں جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اگر ہم متحد ہوکر مخلص، دیانت دار اور عوام کی خیرخواہ قیادت کا ساتھ دیں تو مسائل میں کمی، حالات کی بہتری اور عوام کے جائز حقوق کے حصول کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق، عزت، تحفظ اور خوشحال مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں، مقامی وسائل پر یہاں کے عوام کا حق تسلیم کیا جائے، بارڈرز اور کاروباری راستوں کو کھولا جائے،ماہی گیروں، مزدوروں،تاجروں اور عام شہریوں کو معاشی تحفظ دیا جائے۔ لاپتہ افراد کا مسئلہ آئین و قانون کے مطابق حل کیا جائے اور بدامنی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں۔ عوام کو خوف کے بجائے امن، بے روزگاری کے بجائے روزگار اور محرومیوں کے بجائے خوشحالی دی جائے۔ بلوچستان کے عوام کی آواز اب صرف صوبے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ جماعت اسلامی بلوچستان کے حقوق، امن، روزگار اور وسائل پر عوام کے اختیار کے لیے مینار پاکستان سمیت چاروں صوبوں میں بھرپور آواز بلند کرے گی۔ ہماری جدوجہد کو مزید وسعت اور تیزی دی جائے گی اور عوام کو ان کے حقوق دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ جلسہ عام میں عوام کی شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ بلوچستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ ہم عوام کی اس امید اور اعتماد کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی ایک پرامن، خوشحال، بااختیار اور ترقی یافتہ بلوچستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان شاء اللہ عوام کی طاقت، اتحاد اور جمہوری جدوجہد سے ظلم و ناانصافی پر مبنی نظام کو تبدیل کرکے حقوق و انصاف کا نظام قائم کریں گے۔
