بلوچستان اسمبلی، مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے پر اپوزیشن اراکین کا واک آوٹ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر اپوزیشن اراکین نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا، تاہم وزراء کی جانب سے منانے پر وہ ایوان میں واپس آگئے۔ اجلاس میں بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر اور بلوچستان غیر رسمی تعلیم کے مسودہ ہائے قانون منظور کر لیے گئے، جبکہ محکمہ صحت اور محکمہ بہبود آبادی سے متعلق سوالات محرکین کی عدم موجودگی کے باعث موخر کر دیے گئے۔ پیر کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو پینل آف چیئرمین کے رکن ڈاکٹر اشوک کمار کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی زاہد ریکی نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قائد مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، حالانکہ ان پر متعدد مرتبہ قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی واپس لینے کے اقدام کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے قائد کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیر اعظم پر عائد ہوگی۔ اس احتجاج کے بعد زاہد ریکی ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ افسوسناک ہے، اس صورتحال پر نیشنل پارٹی کے اراکین بھی ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ انہیں مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی کے حوالے سے علم نہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان ملک کے ایک زیرک سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اور جب ہم رات کو سوتے ہیں تو سکیورٹی ادارے ملک کی حفاظت کر رہے ہوتے ہیں، ایسے اداروں کے خلاف بات کرنا مناسب نہیں۔ صوبائی وزیر نور محمد دومڑ نے بھی سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے اتنی بڑی قربانیاں دینے والوں کے خلاف بات کرنا مناسب نہیں، لیڈر خواہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اسے
افواج پاکستان کے خلاف بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ بعدازاں وزراء کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو منانے پر وہ ایوان میں واپس آگئے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر کا مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا، جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی پہلے ہی منظور کر چکی تھی۔ ایوان نے مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔ اسی طرح پارلیمانی سیکرٹری ولی محمد نورزئی نے بلوچستان غیر رسمی تعلیم کا مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا، جسے بلوچستان اسمبلی نے منظور کر لیا۔ اجلاس کے دوران محکمہ صحت اور محکمہ بہبود آبادی سے متعلق سوالات محرکین کی عدم موجودگی کے باعث موخر کر دیے گئے۔ اجلاس کے دوران نیشنل پارٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ان سے ملاقات کے لیے آئے تھے اور چمن سے کراچی تک ٹرانسپورٹرز مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو بلا کر ان کے مسائل سنے اور حل کیے جائیں۔ بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 8 دسمبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا
