بلوچستان میں صحت کا انقلاب ‘ ٹیلی ہیلتھ پروگرام ’صحت دہلیز‘ کے تحت ضلع سیوی میں 5 ہزار 500 طبی مشاورتیں مکمل

شہری گھر بیٹھے آن لائن ڈاکٹر سے مفت مشورہ، نسخے اور اسپتال ریفرل کی سہولت حاصل کریں: ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی کی اپیل


سیوی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی اقدام اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے پی پی ایچ آئی بلوچستان (PPHI-B) کے تحت شروع کیے گئے جدید ٹیلی ہیلتھ انیشیٹو ’صحت دہلیز‘ کے ذریعے صوبے کے عوام کو گھر بیٹھے مفت، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس جدید ڈیجیٹل ہیلتھ سروس کا مقصد شہری اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں مقیم افراد کو طبی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے لیے کہیں سے بھی آن لائن ڈاکٹر سے مشاورت حاصل کر سکیں۔ صحت دہلیز منصوبے کے تحت اب تک ضلع سیوی میں5 ہزار 500 طبی مشاورتیں مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ مریضوں کو طبی مشاورت کے بعد ادویات کے نسخے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس سہولت کے ذریعے شہریوں کو آن لائن ڈاکٹر سے مشاورت، طبی نسخے کا حصول، اور ضرورت پڑنے پر اعلیٰ طبی مراکز میں علاج کے لیے ریفرل کی سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے ضلع کے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس عوام دوست اقدام سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت دہلیز ایک بہترین سہولت ہے جس کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے مستند ڈاکٹروں سے طبی مشاورت، مفت طبی رہنمائی اور ادویات کے حصول کی سہولت میسر آ رہی ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ معمولی طبی مسائل کے لیے بھی اس ڈیجیٹل سروس سے فائدہ اٹھائیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی سہولیات اپنی دہلیز پر حاصل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ایسے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ عوام دستیاب سرکاری سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔صحت دہلیز کی سہولت ویب ایپلیکیشن sehat.pphib.orgاور گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے، جہاں سے شہری باآسانی اس سروس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ حکومت بلوچستان کا یہ اقدام صوبے میں ڈیجیٹل صحت کے نظام کو فروغ دینے، طبی سہولیات کی فراہمی کو آسان بنانے اور بالخصوص دور دراز علاقوں کے عوام کو مفت اور معیاری علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

WhatsApp
Get Alert