سیم پیج شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی فہم و فراست کا مرہونِ منت ہے، رانا ثناء اللہ
میاں نواز شریف کو اس ہم آہنگی کی مکمل تائید حاصل ہے، ان کے اور سید عاصم منیر کے درمیان باہمی احترام موجود ہے، نشیب و فراز کے دوران اگر کوئی کھڑا تھا تو وہ میاں نواز شریف تھے؛ وفاقی مشیر کی گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ ہم آہنگی اور سیم پیج وزیراعظم میاں شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی فہم و فراست، حب الوطنی اور باہمی اعتماد کا مرہونِ منت ہے، جس میں مجھ سمیت کسی اور کا کوئی عمل دخل نہیں جب کہ میاں نواز شریف کی ناصرف اس ہم آہنگی کو مکمل تائید حاصل ہے بلکہ ان کے اور سید عاصم منیر کے درمیان باہمی احترام کا مضبوط رشتہ بھی موجود ہے۔
اینکرپرسن منصور علی خان کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سیم پیج دو معزز شخصیات میاں شہباز شریف اور سید عاصم منیر کے دم قدم سے قائم ہے اور اس میں مجھ سمیت کسی اور کے ادھر ادھر ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی کسی کی اتنی اہمیت ہے، سفارتی اور دیگر محاذوں پر حاصل ہونے والی کامیابیوں بالخصوص معرکہ حق اور علاقائی سفارتی کوششوں کا سہرا انہی دونوں کے سر جاتا ہے، ان کے درمیان موجود معاملہ فہمی ملک و قوم کی بہتری کے لیے برقرار رہنی چاہیئے۔
موجودہ سیم پیج سیٹ اپ کو نوازشریف کی سو فیصدسپورٹ حاصل ہے،نوازشریف اور فیلڈ مارشل ایک دوسرے کابہت احترام کرتے اورحکومت اوراسٹیبلشمنٹ میںunderstandingکی بنیاد وہاں سےشروع ہوئی،آرمی چیف کی تقریری کےوقت بہت نشیب و فراز آئےتو اس وقت انکےساتھ ایک آدمی کھڑاتھا ”نوازشریف“، رانا ثناءخان https://t.co/tIaFYHwUgz
— Ali Tanoli (@alitanoli889) November 26, 2026
رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف جتنا احترام سید عاصم منیر کا کرتے ہیں، اتنا ہی احترام وہ بھی میاں نواز شریف کا کرتے ہیں، اسی باہمی عزت و احترام سے اس انڈرسٹینڈنگ کی بنیاد جڑتی ہے، ماضی کے نشیب و فراز کے دوران اگر کوئی شخص ڈٹ کر کھڑا تھا تو وہ میاں نواز شریف تھے، اس ہم آہنگی کو ان کی مکمل تائید حاصل ہے، موجودہ ہم آہنگی اور فہم و فراست اتنی مضبوط ہے کہ اگر ان کے یا کسی کے درمیان کوئی اختلاف یا جھگڑا بھی ہو جائے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ اس کا انحصار اعلیٰ سطح کی معاملہ فہمی اور قومی مفادات پر ہے۔
