بلوچستان محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ اور پاسکو میں 57 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم خریداری کا معاہدہ طے پا گیا آئندہ ہفتے سے سیل پوائنٹس پر آٹا 120 سے 125 روپے کلو دستیاب ہوگا، صوبائی خزانے سے ایک پیسہ خرچ نہیں ہوگا: سیکرٹری کموڈیٹی مینجمنٹ ارشد حسین بگٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ اور پاسکو کے درمیان گندم خریداری کا معاہدہ طے پاگیا۔ پاسکو سے 57 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم سبسڈائز ریٹ پر خریدی جائے گی، ایک ہفتے تک لوگوں کو سیل پوائنٹس پر آٹا 120 سے 125 روپے میں دستیاب ہوگا۔ یہ بات صوبائی سیکرٹری کموڈیٹی مینجمنٹ ارشد حسین بگٹی نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے محکمہ کموڈیٹی مینجمنٹ اور پاسکو کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت پاسکو سے 57 ہزار 500 میٹرک ٹن گندم سبسڈائز ریٹ پر خریدی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فلور ملز مالکان خریدی گئی گندم کی رقم کی ادائیگی براہ راست پاسکو کو کریں گے، اس پر صوبائی حکومت کا ایک پیسہ خرچ نہیں ہوگا۔ سیکرٹری کموڈیٹی مینجمنٹ نے بتایا کہ آئندہ ہفتے تک لوگوں کو سیل پوائنٹس پر آٹا 120 سے 125 روپے کلو میں دستیاب ہوگا۔ دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گندم کی عدم دستیابی کے باعث آٹا 180 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔
