مولانا فضل الرحمٰن کو خطاب سے روکنا اور جے یو آئی رہنماؤں کی نظربندی آمریتی ادوار کی یاد تازہ کر رہی ہے: سینیٹر ایمل ولی خان
سربراہ اے این پی کا سربراہ جے یو آئی سے ٹیلیفونک رابطہ، مکمل یکجہتی کا اظہار، خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے بعد حالات مزید بگڑ رہے ہیں

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایمل ولی خان نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف جاری مہم، پنجاب کے مختلف شہروں میں ان کے خطابات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور جے یو آئی کے رہنماؤں و کارکنوں کی نظربندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف کو ذاتی انتقام، کردار کشی اور سیاسی مخالفین کو دبانے کا ذریعہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں، سیاسی قیادت کے درمیان اختلافات کے باوجود باہمی احترام، شائستگی اور برداشت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی رہنما کو اپنے مؤقف کے اظہار اور عوام سے رابطے کے بنیادی حق سے محروم کرنا جمہوری اصولوں اور سیاسی آزادیوں کی صریح نفی ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمان کو پنجاب کے مختلف شہروں میں خطاب سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنا اور جے یو آئی کے رہنماؤں کو نظربند کرنا آمریتی ادوار کی یاد تازہ کرنے والی روش ہے۔
مرکزی صدر اے این پی نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل پابندیوں اور انتقامی کارروائیوں میں نہیں بلکہ مکالمے، سیاسی رواداری اور جمہوری عمل کے فروغ میں ہے؛ عوامی نیشنل پارٹی سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر جمہوری آزادیوں، سیاسی رواداری اور حقِ اظہارِ رائے کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل وقت میں مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت کو دبانے کے بجائے سیاسی مکالمے اور جمہوری عمل کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد حالات میں بہتری کے بجائے مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے اور صوبے کے عوام پہلے ہی بدامنی، سیاسی بے یقینی اور انتظامی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے نازک حالات میں سیاسی قوتوں کو مزید تقسیم کرنے کے بجائے ایک مشترکہ جمہوری مؤقف پر متحد ہونا ہوگا، جمہوریت، آئین، سیاسی آزادیوں اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اور عوامی نیشنل پارٹی ہر اس سیاسی قوت کے ساتھ کھڑی ہے جو جمہوری اقدار، سیاسی رواداری اور عوام کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی ہے۔
