وزیراعلیٰ مریم نواز کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے، عظمیٰ بخاری
مریم نواز کے زیر استعمال جہاز کے لیے کسی خصوصی اجازت کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ کسی فیملی کے ہمراہ ہانگ کانگ جا رہی ہیں، دیگر جہازوں کی طرح متعلقہ طیارے کے آپریشن اور مینٹیننس کی ذمہ داری بھی پاک فضائیہ کے پاس ، وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے دورہ ہانگ کانگ کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صحافی کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے طارق عزیز نے اپنی جھوٹی خبر ڈیلیٹ کر دی ہے، تاہم افسوس ہے کہ بغیر تحقیق کے خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے زیر استعمال جہاز کے لیے کسی خصوصی اجازت کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ کسی فیملی کے ہمراہ ہانگ کانگ جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کا یہ نجی دورہ بھی نہیں ہے۔ عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ پہلی مرتبہ کسی وزیراعلیٰ کو نوبیل پرائز کے لیے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے اور جھوٹی خبروں سے اس معاملے پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق دیگر جہازوں کی طرح متعلقہ طیارے کے آپریشن اور مینٹیننس کی ذمہ داری بھی پاک فضائیہ کے پاس ہے۔
سنا ہے طارق صاحب نے یہ جھوٹی خبر ڈیلیٹ کردی ہے،لیکن افسوس ہے بنا تحقیق باتیں کردی جاتی ہیں،پہلی بات جہاز کے لئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے دوسرا وزیر اعلی کسی فیملی کے ہمراہ ہانگ کانگ نہیں جارہیں ناہی نجی دورہ ہے ،پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلی کو نوبیل پرائز کے لئے سرکاری طور پر مدعو کیا گیا ہے اور جھوٹے شورشرابے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ خالی برتن زیادہ بجتا ہے اور ملک کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق باقی تمام جہازوں کی طرح آپریشن اور مینٹینسس پاک فضائیہ کے ذمہ ہے
انہی جھوٹی خبروں کی وجہ سے نوٹس دینے پڑتے ہیں— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) November 27, 2026
ان کا کہنا تھا کہ ایسی غیر مصدقہ خبروں کی وجہ سے نوٹس جاری کرنے پڑتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صحافی طارق عزیز نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہانگ کانگ اور برطانیہ کے دورے کے لیے گلف اسٹریم جی 500 طیارہ لے جانے کی خواہش ظاہر کی ہے اور پنجاب حکومت نے اس حوالے سے پاک فضائیہ کو درخواست بھی دی ہے۔
صحافی کے مطابق 28 نومبر کو مریم نواز، نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد نے نجی دورے پر ہانگ کانگ روانہ ہونا تھا، جہاں دو روز قیام کے بعد لندن جانے کا پروگرام تھا۔ تاہم عظمیٰ بخاری نے ان تمام دعوؤں کی تردید کردی ہے۔
