سندھ حکومت کا ایم کیو ایم پاکستان کو شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

کراچی(قدرت روزنامہ) محکمہ داخلہ سندھ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے جماعت کو ریلی کا دن اور روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ترقی پسند پارٹی 29 نومبر کو جلسے کے انعقاد کے لیے پہلے ہی باضابطہ درخواست دے چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق دو جماعتوں کے ایک ہی روز اور مقام پر پروگراموں کے باعث تصادم اور ٹکراؤ کے خدشے کے پیش نظر ایم کیو ایم کو ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع نے مزید واضح کیا کہ حکومت کسی سیاسی جماعت کی سرگرمیوں کو نہیں روک رہی تاہم اصولی طور پر جس جماعت نے پہلے اعلان اور درخواست دی ہو، پہلا حق اسی کا بنتا ہے۔

اسی تناظر میں محکمہ داخلہ سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کو کسی اور روز ریلی اور جلسہ منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert