عمران خان نے 28ویں ترمیم، نئے صوبوں پر پارٹی سے رائے طلب کر لی ، حتمی فیصلہ وہ خود کرینگے، بیرسٹر علی ظفر
پیپلز پارٹی عملی اقدامات کرتی ہے تو پی ٹی آئی کیلئے اسکے ساتھ ایک موثر ،جمہوری اپوزیشن اتحاد کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کے قیام سمیت اہم قومی معاملات پر پارلیمانی پارٹی کو مشاورت اور اپنی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد حتمی فیصلہ وہ خود کریں گے،عمران خان کی صحت اور بشری بی بی کی صحت کے حوالے سے لطیف کھوسہ نے پارلیمانی پارٹی کو تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر پوری پارلیمانی پارٹی نے تشویش کا اظہار کیا۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے پارلیمانی پارٹی کو عمران خان کی جانب سے دی گئی ہدایات اور ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا،ان میں ایک اہم ہدایت 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تھی۔
عمران خان کی ہدایت ہے کہ پارلیمانی پارٹی 28ویں ترمیم اور صوبوں سے متعلق معاملات پر بھرپور مشاورت کرے، اپنی متفقہ رائے قائم کرے، اس کے حق میں وجوہات بھی مرتب کرے اور پھر یہ سفارشات عمران خان تک پہنچائی جائیں تاکہ وہ ان کی روشنی میں آئندہ کا فیصلہ کر سکیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے نئے صوبوں اور 28ویں ترمیم کا معاملہ اٹھانے کا کوئی مخصوص ایجنڈا نہیں تھا بلکہ لطیف کھوسہ کے ساتھ تقریباً 4گھنٹے طویل گفتگو کے دوران مختلف قومی اور سیاسی معاملات زیر بحث آئے۔انہوں بتایا کہ عمران خان کو اخبارات اور بعض ٹی وی چینلز تک رسائی حاصل ہونے کے باعث ملک میں جاری سیاسی بحث اور اہم معاملات کا علم ہے، اسی تناظر میں انہوں نے پارلیمانی پارٹی کو ہدایت کی کہ ان معاملات پر اپنی رائے قائم کرے۔
عمران خان کو حالیہ دنوں میں معلومات اور خبروں تک رسائی حاصل ہونا شروع ہوئی ہے، تاہم کچھ عرصہ پہلے تک ان کی صورت حال مختلف تھی۔اب وہ ملکی حالات اور سیاسی معاملات سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں، جس کے بعد پارلیمانی پارٹی کو اہم امور پر مشاورت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔اگر عمران خان سے ملاقاتیں جاری رہیں گی تو حالات میں بہتری آئے گی اور سیاسی کشیدگی کم ہونے کا امکان پیدا ہوگا، لیکن اگر ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ روک دیا گیا تو ملک ایک مرتبہ پھر تصادم اور کشیدگی کی طرف جا سکتا ہے۔
ریفرنڈم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کا آئینی طریقہ کار موجود ہے اور پارلیمنٹ سادہ اکثریت سے کسی معاملے پر ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔تاہم ریفرنڈم کا مقصد کسی معاملے پر عوام کی رائے حاصل کرنا ہوتا ہے، اس سے براہ راست آئینی طریقہ کار تبدیل نہیں ہوتا۔ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں رائے دیتی ہے تو بھی صوبہ بنانے کے لیے آئین میں درج طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
اگر حکومت ریفرنڈم کے بعد آئین میں تبدیلی اور 28ویں ترمیم لانا چاہتی ہے تو پہلے اس کا مسودہ سامنے آنا چاہیے۔ جب تک حکومت کی جانب سے باضابطہ مسودہ سامنے نہیں آتا، اس پر حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔حکومت نئے صوبوں اور 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر شدید کنفیوژن کا شکار ہے۔وزیراعظم کی جانب سے اب تک کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ حکومتی وزرا ایک دوسرے سے متضاد موقف اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہوگی کہ تمام ارکان کی آرا، دلائل اور تجاویز سننے کے بعد زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ اگر کسی معاملے پر اختلاف باقی رہتا ہے تو جمہوری طریقے سے ووٹنگ کے ذریعے فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔اس مشاورت کے بعد پارٹی کا مقف اور اس کی وجوہات عمران خان تک پہنچائی جائیں گی تاکہ وہ حتمی فیصلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی اپنے مقف میں سنجیدہ ہے اور جمہوری راستے پر واپس آنا چاہتی ہے تو اسے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
سب سے پہلے پیپلز پارٹی کی قیادت کو صدر آصف علی زرداری سے کہنا چاہیے کہ خیبر پختونخوا ہ میں نافذ کیا گیا گورنر راج واپس لیا جائے، کیونکہ صدر کا تعلق بھی اسی جماعت سے ہے اور ان کے پاس اس حوالے سے آئینی اختیار موجود ہے۔اسی طرح مخصوص نشستوں کے معاملے پر بھی پی ٹی آئی کو اس کا حق واپس ملنا چاہیے،یہ ایسے عملی اقدامات ہیں جن سے پیپلز پارٹی کی جمہوری وابستگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے ایک اور اہم قدم یہ ہوگا کہ وہ حکومت کا حصہ رہنے کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھے، اگر پیپلز پارٹی یہ اقدامات کرتی ہے تو پی ٹی آئی کے لیے اس کے ساتھ ایک موثراور جمہوری اپوزیشن اتحاد کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔
