امریکا کا 3 سالہ ورک ویزا! کیا پاکستانی شہری اہل ہوں گے؟

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) امریکہ نے تین سالہ ورک ویزا کے اہل 63 پیشوں کی فہرست جاری کر دی تاہم پاکستانی سمیت دیگر ممالک کے شہری اس ویزا کے اہل نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا نے 63 پیشہ ورانہ شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے تین سال تک کام کرنے کی اجازت دینے والے خصوصی ورک ویزا کی تفصیلات جاری کردیں، تاہم یہ سہولت صرف کینیڈا اور میکسیکو کے شہریوں کے لیے ہے، پاکستانی سمیت دیگر ممالک کے شہری اس ویزا کے اہل نہیں ہوں گے۔
امریکی ٹی این ورک ویزا کے تحت انجینئرنگ، صحت، تعلیم، سائنس، اکاؤنٹنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں کے اہل پروفیشنلز کو امریکی اداروں میں ملازمت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
یہ ویزا شمالی امریکا کے آزاد تجارتی معاہدے کے تحت 1994 میں متعارف کرایا گیا تھا، جسے بعد ازاں یکم جولائی 2020 کو نافذ ہونے والے یو ایس ایم سی اے معاہدے میں بھی برقرار رکھا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ اس ویزا کے لیے درخواست گزار کا کینیڈا یا میکسیکو کا شہری ہونا، امریکی آجر کی جانب سے پہلے سے ملازمت کی پیشکش اور متعلقہ شعبے کی تعلیمی یا پیشہ ورانہ شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔
اہل پیشوں میں اکاؤنٹنٹ، آرکیٹیکٹ، کمپیوٹر سسٹمز اینالسٹ، انجینئر، وکیل، سوشل ورکر، رجسٹرڈ نرس، فارماسسٹ، ڈاکٹر، سائنس دان، ماہرِ حیاتیات، کیمسٹ، ماہرِ ارضیات اور یونیورسٹی و کالج اساتذہ سمیت 63 پیشے شامل ہیں۔
ٹی این ویزا کے تحت کینیڈین شہری مخصوص امریکی سرحدی مقامات یا پری کلیئرنس مراکز پر درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ میکسیکن شہریوں کو امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے سے پہلے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
کامیاب درخواست گزاروں کو امریکا میں تین سال تک کام کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے، جبکہ شرائط برقرار رہنے کی صورت میں ویزے کی مدت میں توسیع بھی ممکن ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ صرف متعلقہ شعبے میں ڈگری یا تجربہ رکھنے سے کوئی شخص اس ویزے کا اہل نہیں ہوجاتا، کیونکہ اس پروگرام میں شہریت کی شرط بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی شہری، چاہے ان کے پاس مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ موجود ہو، براہِ راست ٹی این ویزا حاصل نہیں کرسکتے۔
تاہم پاکستانی شہری امریکا میں ملازمت کے لیے ایچ ون بی، او ون اور دیگر اہل امیگریشن ویزا کیٹیگریز کے تحت درخواست دینے کے امکانات تلاش کرسکتے ہیں، جن کی اپنی الگ شرائط اور طریقہ کار ہیں۔
