مولانا فضل الرحمٰن اور جے یو آئی قائدین کی گرفتاریوں و نظربندیوں کیخلاف بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے
قائد جمعیت نے گرفتاری پیش کر کے ملک کو بڑے تصادم اور خونریزی سے بچایا، وکلاء کو نظر بند رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت نہ دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے: آغا محمود شاہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمٰن، مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر مولانا عبدالواسع، ارکان اسمبلی اور ملک بھر میں جماعتی رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، زیارت، ژوب، قلعہ سیف اللہ، سنجاوی، مستونگ، قلات، خضدار، نوشکی، نصیرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، جعفرآباد، صحبت پور، حب، وندر اور دیگر علاقوں میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے، جن میں جماعتی رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کو آئین سے محروم کرنے اور جمہوری سیاسی جدوجہد کا راستہ روکنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، پرامن سیاسی تحریک کو تشدد کی راہ پر ڈالنے کی کوششیں ملک کے امن اور جمہوری مستقبل کے لیے نقصان دہ ہیں۔ مقررین نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے انتہائی حکمت و تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود گرفتاری پیش کرکے ملک کو ایک بڑے تصادم اور ممکنہ خونریزی سے بچانے کی کوشش کی، جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ مقررین نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں، نظر بندیوں اور بنیادی قانونی حقوق کی پامالی سے سیاسی مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ سیاسی بے چینی میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور دیگر نظر بند رہنماؤں سے ملاقات کے لیے آنے والی وکلاء کی قانونی ٹیم کو ملاقات کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کو اپنے موکلوں سے ملاقات سے روکنا بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کسی بھی قانونی نظام میں وکیل کو اپنے موکل سے ملاقات کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے دعوؤں کے باوجود سیاسی رہنماؤں کو گھروں میں محبوس رکھنے کے ساتھ ان کے قانونی حقوق بھی سلب کیے جا رہے ہیں، متعلقہ حکام کو واضح کرنا چاہیے کہ وکلاء کی ملاقات پر پابندی کس قانون کے تحت عائد کی گئی ہے۔ جمعیت علماء اسلام نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار و نظر بند رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، وکلاء کو ملاقات کی اجازت دی جائے اور ملک میں آئین، قانون، جمہوری آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔
