اگر حضرت عمر سے سوال ہو سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان سے کیوں نہیں؟، طلال چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر مملکت سینیٹر طلال چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حضرت عمر سے سوال ہو سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان سے کیوں نہیں ، مولانا صاحب روڈ سے جنریٹر اٹھائیں اسے اندر رکھیں اور کہیں کہ میں نے اندر رکھ لیا ہے پھر اس کے بعد سی ڈی اے کچھ کرے تو میرا گریبان پکڑ لیجیے گا، وہ سمجھتے ہیں کہ اگر وہ جیت نہیں سکے تو انہیں جتوایا کیوں نہیں گیا، اگر وہ حکومت نہیں بنا سکے تو ان کو حکومت بنا کر کیوں نہیں دی گئی،
مزید انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب بھی اس چیز کے داعی رہے ہیں کہ احتجاج کرنا جو آپ کا حق ہے وہ بھی ایک مخصوص معاملے میں ہونا چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ موٹر وے بند کر دیں، یا سڑکیں بند کر دیں، اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس چند کارکن ہیں، جذباتی لوگ ہیں اور مذہبی عنصر ہے تو ہم جو مرضی کر لیں، میرے لیے تو وہ احتجاج کریں سو بار کریں کوئی حرج نہیں ہے اس میں۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، لیکن اس کے لیے سڑکیں اور موٹر ویز بند نہیں کیے جا سکتے، مولانا فضل الرحمان کی گفتگو میں سیاسی غصہ، محرومی اور ایک مخصوص ٹارگٹ نظر آتا ہے، حکومت نے معاملات بہتر بنانے کی کوشش کی، تاہم احتجاج اور قانون کے معاملے پر کسی کو استثنا حاصل نہیں ہونا چاہیے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھیں اور قانون کے اندر یہ اختیار دیا گیا ہے حکومت کو، ہمیں بلاوجہ تو کسی کو بند کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اور پھر جس طرح کی گفتگو انہوں نے کل بھی فرمائی ہے، تو کیا جو الفاظ انہوں نے استعمال کیے اور جو ان کا سیاسی غصہ اس میں نظر آتا ہے یہ کیا ایک مذہبی رہنما کو زیب دیتا ہے، ان کی کوئی بھی تقریر دیکھ لیں اس میں آپ کو غصہ، محرومی اور ایک مخصوص ٹارگٹ نظر آئے گا، اور اس کی وجہ ایک ہی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اگر وہ جیت نہیں سکے تو انہیں جتوایا کیوں نہیں گیا، اگر وہ حکومت نہیں بنا سکے تو ان کو حکومت بنا کر کیوں نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا تو ان کے ساتھ کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے، وہ ہیں شروع سے ایک ریجنل چھوٹی پارٹی، ہماری تو ایک پارٹی کی وراثت ہے، اور آج ہماری حکومت بھی ہے، اور ہم نے ووٹ لیا ہے بار بار لیا ہے ہر حالات میں لیا ہے اور پرفارمنس کی بنیاد پر لیا ہے، نفرت پھیلا کے نہیں لیا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بات شروع ہوئی شہدا کے متعلق جو ان کا بیان تھا جس کی ان سے امید ہی نہیں کی جا سکتی تھی جو انہوں نے اس متعلق بیان دیا تھا، اتنی آپ کی سیاسی وسعت کمزور ہو جائے اور اتنے آپ سیاسی طور پر کمزور ہو جائیں کہ آپ کو شہدا کو موضوع بحث بنانا پڑے، اس کے بعد خاموشی رہی اور حکومت کی طرف سے کوشش کی گئی کہ معاملات کچھ بہتر ہو جائیں، تو اگر وہ آئے وزیراعظم ہاؤس گئے تو ان کے پیچھے ان کا خیبرپختونخوا میں حکومتی مفاد تھا اگر آپ کو ایسا نہیں لگتا تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے، یہ کوئی وہ دینی تقاضا یا ثواب کی نیت سے تو سیاست نہیں کر رہے، وہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حکومت کو حق سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی نیا کیس نہیں بنا، ان کے بیٹے پر یہ کیسز پچھلے ڈھائی سال سے پارلیمنٹ کی کمیٹیوں میں زیر بحث ہیں، رہی بات سی ڈی اے کے نوٹس کا کوئی تعلق نہیں ہے، ان کو دو ہی چیزیں کہوں گا کہ یہ جو پنجرے نما آپ نے کمرہ بنایا ہوا ہے چار بائے چار کا اس کی بجائے آپ کا کنالوں کا گھر ہے اس کو اندر پنکھے میں یا ہیٹر میں بٹھا دیں اپنے کو اس کو بھی جگہ دے دیں چار بائے چار کو، اور ایک جنریٹر اٹھا لیں، کیا گناہ ہو گیا، یعنی اگر حضرت عمر سے سوال ہو سکتا ہے تو کیا مولانا فضل الرحمان سے نہیں ہو سکتا، کیوں کہ بہت بڑے سیاسی اور مذہبی رہنما ہیں، وہ روڈز بلاک کر سکتے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا صاحب روڈ سے جنریٹر اٹھائیں اسے اندر رکھیں اور کہیں کہ میں نے اندر رکھ لیا ہے پھر اس کے بعد سی ڈی اے کچھ کرے تو میرا گریبان پکڑ لیجیے گا، اس لیے شہباز شریف نے پی ڈی ایم ون سے سیکھ کر ہی اس طرح کی چھوٹی جماعتوں کو چھوڑ کر کم اتحادی بنانے کی سوچ رکھی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ جتنے مباحثے کر لیں، جتنے مناظرے کر لیں، پرفارمنس میں ن لیگ باقی سب سے بہتر ہے۔

WhatsApp
Get Alert