دبئی میں فیملی ویزا اسپانسر شپ کے لیے اہم شرائط

دبئی (قدرت روزنامہ)دبئی میں فیملی ویزا اسپانسر شپ کے لیے اہم شرائط، آمدن اور لازمی دستاویزات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

متحدہ عرب امارات میں مقیم محنت کشوں اور ملازمین کے لیے اپنے اہل خانہ جیسے شریک حیات، بچوں اور والدین کو یو اے ای کا فیملئ ریزیڈنس ویزا اسپانسر کرنا ایک انتہائی اہم مرحلہ ہے جس کے لیے حکومت کی مقرر کردہ آمدن اور آمدنی سے متعلق شرائط کو پورا کرنا لازمی ہوتا ہے۔

فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹیٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی کے مطابق عام فیملی ممبرز کو اسپانسر کرنے کے لیے کم از کم ماہانہ سیلری 3000 درہم اور کمپنی کی طرف سے رہائ یا بغیر رہائش کے ماہانہ 4000 درہم ہونا ضروری ہے۔

اسپانسر کے پاس اپنا درست ریزیڈنس پرمٹ اور مناسب رہائش کا ہونا بنیادی شرط ہے، اس معیار کے تحت مقیم افراد اپنی بیوی یا شوہر، غیر شادی شدہ بیٹیوں 25 سال سے کم عمر بیٹوں اور خصوصی توجہ کے حامل بچوں کو بغیر کسی عمر کی حد کے اسپانسر کر سکتے ہیں۔

اگر آپ دبئی میں اپنے والدین کو اسپانسر کرنا چاہتے ہیں تو جی ڈی آر ایف اے کے قواعد کے تحت ماہانہ سیلری کا معیار کافی زیادہ ہے،جہاں کم از کم ماہانہ آمدن 10000 درہم ہونا لازمی ہے اس کے ساتھ ساتھ اسپانسر کو اپنا سیلری سرٹیفکیٹ، ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ، درست اعجاری کا معاہدہ اور کم از کم دو بیڈ رومز پر مشتمل گھر کی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔

فیملی ویزا اپلائی کرنے کے لیے اسپانسر اور فیملی کا پاسپورٹ، ایمریٹس آئی ڈی، پاسپورٹ سائز تصاویر، تصدیق شدہ نکاح نامہ، بچوں کا تصدیق شدہ برتھ سرٹیفکیٹ، واٹر اینڈ الیکٹرسٹی بل، اور درست ہیلتھ انشورنس کی ضرورت ہوتی ہے۔

نکاح نامہ اور بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ کی اپنے ملک اور بعد میں یو اے ای کی وزارتِ خارجہ سے تصدیق کروانا انتہائی لازمی ہے، 18 سال سے زائد عمر کے تمام فیملی ممبرز کے لیے میڈیکل فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا بھی ویزا پروسیس کا لازمی حصہ ہے۔

چونکہ ویزا قوانین میں وقتاً فوقتاً تبدیلیاں آتی رہتی ہیں اس لیے دبئی کے رہائشی مزید رہنمائی کے لیے جی ڈی آر ایف اے کے ٹول فری نمبر 8005111 اور دیگر ریاستوں کے رہائشی آئی سی پی کی ہیلپ لائن 600522222 پر رابطہ کر کے معلومات کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert