شہباز شریف کا دورۂ ماسکو، تجارت، ویزا سہولت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات

ماسکو(قدرت روزنامہ) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف 30 نومبر سے 2 دسمبر تک روس کے تین روزہ سرکاری دورے پر ماسکو آ رہے ہیں۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور روس کے تعلقات میں سیاسی اعتماد بڑھ رہا ہے، اقتصادی تعاون کے لیے نئے اہداف مقرر ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم اور علاقائی رابطوں کو وسعت دینے کے لیے ایک باقاعدہ منصوبہ بھی سامنے آ چکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پوتن سے ملاقات، پاکستان روس بزنس فورم سے خطاب، دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات کے درمیان براہ راست ملاقاتیں اور پاکستانی طلبہ کے ساتھ متوقع نشست اس دورے کے اہم پہلو ہیں۔
تاہم اس دورے کو ماضی کے سفارتی رابطوں سے مختلف بنانے والی بات یہ ہے کہ اس مرتبہ وزیراعظم ماسکو ایک ایسے اقتصادی پروگرام کے پس منظر میں آ رہے ہیں جس پر دونوں ممالک چند روز قبل باقاعدہ دستخط کر چکے ہیں۔
ماسکو میں پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس میں 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام اور کمیشن کے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری اور روسی وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دونوں ممالک نے 2030 تک دوطرفہ تجارت پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف بھی مقرر کیا۔
یہ اقتصادی پروگرام تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سائنس اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔
27 نومبر کو وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیراعظم شہباز شریف کو ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن کے نتائج سے بھی آگاہ کیا، اس لحاظ سے وزیراعظم کے دورے سے پہلے اقتصادی اور تکنیکی سطح پر خاصی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ اب اس پورے عمل کو سربراہی سطح پر سیاسی حمایت اور عملی فیصلوں کی ضرورت ہے۔
صدر پوتن سے ملاقات کی اہمیت
وزیراعظم شہباز شریف کی صدر پوتن سے ملاقات اس دورے کا مرکزی اور سب سے اہم سفارتی حصہ ہوگی۔
دونوں رہنما اس سے قبل بین الاقوامی فورمز کے موقع پر ملاقاتیں کر چکے ہیں، لیکن ایک باضابطہ دوطرفہ دورے کے دوران ہونے والی ملاقات کی نوعیت مختلف ہوتی ہے، یہاں صرف چند عالمی یا علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال نہیں ہوتا بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات کی مجموعی سمت، اقتصادی ترجیحات اور مستقبل کی شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کا موقع ملتا ہے۔
توقع ہے کہ صدر پوتن اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، دفاعی روابط، علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور وسطی ایشیا کے ساتھ اقتصادی رابطوں سمیت اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔
پاکستان سٹیل ملز کے حوالے سے روسی تعاون، تیل اور گیس کے شعبے میں مشترکہ منصوبے، ریلوے رابطے، براہ راست پروازیں اور بینکاری نظام بھی اس وسیع تر اقتصادی ایجنڈے کے اہم موضوعات ہیں۔
دورے کے دوران تقریباً 15 سے 16 معاہدوں اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ان کی حتمی تعداد اور نوعیت کا تعین دورے کے دوران ہونے والے باضابطہ اعلانات سے ہوگا۔
میرے نزدیک اس ملاقات کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے سامنے ان مسائل کو براہ راست رکھنے کا موقع مل رہا ہے جنہیں نچلی انتظامی اور تکنیکی سطح پر حل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
خصوصاً ویزا دعوت ناموں اور بینکاری کے مسائل ایسے ہیں جن کے حل کے بغیر پانچ ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج رہے گا۔
پانچ ارب ڈالر کی تجارت، مگر موجودہ تجارت کتنی ہے؟
پاکستان اور روس نے 2030 تک پانچ ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس ہدف کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے موجودہ تجارتی حجم کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کے جولائی 2026 میں بیان کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، جبکہ مالی سال 2025 میں یہ کم ہو کر تقریباً 243 ملین ڈالر رہ گئی۔
تجارت میں یہ اتار چڑھاؤ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی امکانات تو موجود ہیں لیکن اقتصادی تعلقات کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھانے کے لیے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔
اگر پانچ ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے تو پاکستان اور روس کو روایتی تجارتی طریقوں سے آگے بڑھنا ہوگا۔ دونوں ممالک کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جس میں کاروباری افراد آسانی سے ایک دوسرے کی منڈیوں تک پہنچ سکیں، سرمایہ کاری کر سکیں، معاہدے کر سکیں اور قانونی بینکاری ذرائع سے ادائیگیاں کر سکیں۔
یہی وہ بنیادی مسائل ہیں جنہیں وزیراعظم کے دورے میں ترجیح ملنی چاہیے۔
ویزا کا مسئلہ، پاکستانی کاروباری برادری کی سب سے بڑی تشویش
ماسکو میں پاکستانی کاروباری حلقوں کے لیے اس وقت سب سے زیادہ تشویش کا باعث ویزا دعوت ناموں کا مسئلہ ہے۔
گزشتہ کئی ماہ سے پاکستانی کاروباری افراد کو روسی بزنس ویزوں کے لیے دعوت نامے حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، صورتحال یہ ہے کہ متعدد پاکستانی تاجروں کے لیے نئے کاروباری دعوت ناموں کا حصول تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔
یہی مسئلہ پاکستانی طلبہ کو بھی درپیش ہے۔ روسی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے اور تعلیمی فیس ادا کرنے کے باوجود متعدد پاکستانی طلبہ ویزا دعوت ناموں کے منتظر ہیں۔
دوسری طرف روسی وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ پاکستانی طلبہ کو ویزے جاری کرنے پر کوئی عمومی پابندی نہیں ہے۔
20 نومبر کو روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا سے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران میں نے پاکستانی طلبہ کے ویزا دعوت ناموں کا معاملہ اٹھایا تھا، انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں ہے اور متاثرہ طلبہ کے مخصوص کیسز فراہم کرنے کی صورت میں متعلقہ روسی اداروں کے ساتھ ان کا انفرادی جائزہ لیا جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ کی یہ یقین دہانی اپنی جگہ اہم ہے لیکن زمینی صورتحال اب بھی پاکستانی طلبہ اور کاروباری افراد کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
روس کی بعض جامعات کی جاری کردہ معلومات میں بھی پاکستانی شہریوں کے لیے تعلیمی دعوت ناموں کے اجرا کی عارضی معطلی کا ذکر موجود ہے۔
اگر کوئی سرکاری پابندی نہیں تو پھر دعوت ناموں کا معمول کا عمل کیوں بحال نہیں ہو رہا؟ اس انتظامی رکاوٹ کی اصل وجہ کیا ہے اور اسے دور کرنے کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے کیا اقدامات کر سکتے ہیں؟
وہ سوالات جن کا جواب اب اعلیٰ سفارتی سطح پر تلاش کرنا ضروری ہے
ہر متاثرہ طالب علم یا کاروباری شخص کا معاملہ انفرادی طور پر اٹھانا ایک عارضی حل تو ہو سکتا ہے، لیکن مستقل حل نہیں۔ ضرورت ایسے ادارہ جاتی انتظام کی ہے جس کے تحت تمام قانونی شرائط پوری کرنے والے پاکستانی شہریوں کی درخواستوں پر معمول کے مطابق کارروائی ہو سکے۔
پاکستانی کاروباری شخص اگر روسی کمپنی سے معاہدہ کرنے، اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے یا کسی تجارتی فورم میں شرکت کے لیے روس نہیں آ سکتا تو پھر دوطرفہ تجارت کیسے بڑھے گی؟
وزیراعظم شہباز شریف کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے کہ وہ صدر پوتن کے ساتھ ملاقات میں اس مسئلے کو براہ راست اٹھائیں اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کو اس کے مستقل حل کے لیے واضح ہدایات دینے پر اتفاق ہو۔
پاکستان کے لیے روسی ای ویزا کیوں نہیں؟
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے حالیہ دنوں میں دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان اور روس کے درمیان باہمی ویزا فری نظام قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان روسی سیاحوں کو الیکٹرانک ویزے جاری کر رہا ہے۔
پاکستان نے روسی شہریوں کے لیے آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کر رکھی ہے، تاہم عام روسی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے مکمل ویزا فری نظام ابھی نافذ نہیں ہے۔
پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی ویزا سہولت اس بات کی بنیاد بن سکتی ہے کہ روس بھی پاکستانی شہریوں کے لیے اپنے ویزا نظام میں مناسب نرمی کرے۔
روس نے حالیہ برسوں میں کئی ممالک کے ساتھ ویزا سہولت کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
سعودی عرب اور روس کے درمیان عام پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے باہمی ویزا فری سفر کا معاہدہ 11 مئی 2026 سے نافذ ہو چکا ہے، ایران کے ساتھ منظم سیاحتی گروپوں کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت موجود ہے، جبکہ بھارت کے ساتھ بھی گروپ سیاحت کے لیے ویزا فری نظام پر بات چیت جاری ہے۔
اس کے علاوہ روس نے 64 ممالک کے شہریوں کے لیے متحدہ الیکٹرانک ویزا نظام متعارف کرا رکھا ہے، جس میں بھارت، ایران، چین، سعودی عرب اور ترکی سمیت متعدد ممالک شامل ہیں لیکن پاکستان اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔
روسی الیکٹرانک ویزے کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے لیے روایتی دعوت نامے کی ضرورت نہیں ہوتی، اہل ممالک کے شہری آن لائن درخواست دے کر سیاحت، مختصر کاروباری دوروں اور بعض دیگر منظور شدہ مقاصد کے لیے روس آ سکتے ہیں۔
پاکستان کو اس فہرست میں شامل کرنے کی تجویز وزیراعظم کے دورے کے ایجنڈے کا حصہ بن سکتی ہے۔
ضروری نہیں کہ پاکستان اور روس فوری طور پر مکمل ویزا فری نظام کی طرف جائیں۔ ابتدائی مرحلے میں پاکستانی شہریوں کو الیکٹرانک ویزا کی سہولت فراہم کرنا بھی ایک بڑی پیش رفت ہوگی۔
اس کے ساتھ طویل مدتی کاروباری ویزوں، متعدد مرتبہ آمدورفت کی سہولت اور تعلیمی دعوت ناموں کے اجرا کے لیے واضح طریقہ کار پر بھی اتفاق کیا جا سکتا ہے۔
البتہ طلبہ کے لیے باقاعدہ تعلیمی ویزے کا نظام برقرار رہے گا اور اس کی موجودہ رکاوٹوں کو الگ سے دور کرنا ہوگا۔
پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات میں جس گرمجوشی کا اظہار کیا جاتا ہے، اس کا اثر دونوں ممالک کے عام شہریوں کے سفر میں بھی نظر آنا چاہیے۔
عوامی رابطوں، سیاحت، تجارت اور تعلیم کو فروغ دینے کی بات اس وقت زیادہ مؤثر ہوگی جب دونوں ملکوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے ہاں آنے جانے میں حقیقی سہولت حاصل ہوگی۔
پاکستان روس بزنس فورم، ملاقاتوں سے معاہدوں تک
وزیراعظم کے دورے کے دوران 2 دسمبر کو ماسکو میں پاکستان روس بزنس فورم کا انعقاد بھی متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے کاروباری ادارے، سرمایہ کار، صنعت کار اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں شریک ہوں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اس فورم سے خطاب کریں گے، جبکہ پاکستانی اور روسی کمپنیوں کے درمیان براہ راست کاروباری ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
اس فورم کی تیاری کے سلسلے میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی پہلے ایک سو سے زائد پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کا ذکر کر چکے ہیں۔ تاہم موجودہ فورم میں شریک کمپنیوں کی حتمی تعداد اس کے انعقاد کے موقع پر واضح ہوگی۔
کاروباری اداروں کی اتنی بڑی تعداد کا ایک جگہ جمع ہونا اہم پیش رفت ہے، لیکن بزنس فورم کے نتائج کو صرف شرکا کی تعداد سے نہیں ناپنا چاہیے۔
ان ملاقاتوں کو ایسے کاروباری معاہدوں میں تبدیل ہونا چاہیے جن کے تحت پاکستانی مصنوعات کے لیے روسی منڈی میں نئے خریدار پیدا ہوں، روسی سرمایہ کار پاکستان میں اپنے منصوبوں کا آغاز کریں اور دونوں ممالک کی کمپنیاں مشترکہ پیداوار اور سرمایہ کاری کی طرف بڑھیں۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ بزنس فورم کے بعد بھی کمپنیوں کے درمیان رابطہ برقرار رکھنے کا کوئی باقاعدہ نظام موجود ہو۔
اکثر بین الاقوامی کاروباری فورمز میں کمپنیاں ایک دوسرے سے ملتی ہیں، رابطے قائم ہوتے ہیں اور مفاہمتی دستاویزات پر دستخط بھی ہوتے ہیں لیکن بعد میں انتظامی، مالیاتی اور سفری رکاوٹوں کی وجہ سے ان ملاقاتوں کے نتائج سامنے نہیں آتے۔
پاکستان روس بزنس فورم کو اس روایتی طریقے سے مختلف ہونا چاہیے۔
فورم کے تین یا چھ ماہ بعد اس بات کا جائزہ لیا جانا چاہیے کہ کتنی کاروباری ملاقاتیں حقیقی تجارت میں تبدیل ہوئیں، کتنے نئے آرڈر حاصل ہوئے، کتنے سرمایہ کاری منصوبوں پر پیش رفت ہوئی اور کن رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت باقی ہے۔ یہی طریقہ پانچ ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کو حقیقت کے قریب لا سکتا ہے۔
بینکاری اور ادائیگی کا نظام، تجارت کی بنیادی ضرورت
پاک روس تعلقات میں ویزا کے بعد دوسرا بڑا عملی مسئلہ مالیاتی لین دین کا ہے۔
روس پر مغربی پابندیوں کے بعد بین الاقوامی بینکاری اور ادائیگی کے نظام میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں۔ روس کے کئی تجارتی شراکت داروں نے اپنی ضروریات کے مطابق متبادل مالیاتی انتظامات قائم کیے ہیں۔
پاکستان اور روس کے درمیان بھی اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، لیکن کاروباری برادری کو اب ایک واضح اور قابل اعتماد نظام کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے دورے سے قبل ماسکو میں دونوں ممالک کے حکام نے دوطرفہ ادائیگی کے نظام پر خصوصی مذاکرات کیے ہیں، حالیہ بین الحکومتی کمیشن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کی شرکت بھی اس معاملے کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
کاروباری اداروں کے لیے ادائیگی محض ایک تکنیکی مسئلہ نہیں بلکہ پورے کاروبار کی بنیاد ہے۔
اگر پاکستانی برآمد کنندہ روسی خریدار کو سامان فروخت کرتا ہے تو اسے یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ اس کی رقم بروقت اور قانونی طریقے سے پاکستان پہنچ سکے گی، اسی طرح روسی کمپنی کو بھی پاکستان کے ساتھ لین دین میں مالیاتی تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔
مقامی کرنسیوں، پاکستانی روپے اور روسی روبل میں ادائیگی، مخصوص بینکاری ذرائع یا باہمی تصفیے کا کوئی قانونی مالیاتی نظام قائم کرنے کے امکانات پر کام کیا جا سکتا ہے۔
یہ انتظام صرف بڑی کمپنیوں کے لیے نہیں بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے بھی قابل رسائی ہونا چاہیے۔
روس میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان رقم بھیجنے کا مسئلہ بھی اسی مالیاتی رکاوٹ سے جڑا ہوا ہے۔
میں اپنے گزشتہ کالم میں بھی اس مسئلے کی نشاندہی کر چکا ہوں کہ آسان اور قابل رسائی رسمی بینکاری ذرائع کی کمی کی وجہ سے روس میں مقیم پاکستانیوں کو اپنی جائز کمائی وطن بھیجنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
یہ مسئلہ صرف تاجروں کا نہیں بلکہ روس میں مقیم پاکستانی خاندانوں، پیشہ ور افراد اور طلبہ کا بھی ہے۔
اگر دونوں ممالک کے درمیان قانونی مالیاتی نظام قائم ہوتا ہے تو اس میں کاروباری ادائیگیوں کے ساتھ عام شہریوں کی ترسیلات زر کے لیے بھی محفوظ اور شفاف سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہونی چاہیے۔
پانچ ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف مقرر کرنے کے بعد یہ سوال مزید اہم ہو گیا ہے کہ اتنی بڑی تجارت کی ادائیگیاں کس مالیاتی نظام کے تحت ہوں گی۔
وزیراعظم کے دورے سے اس سوال کے جواب کی سمت واضح پیش رفت ہونی چاہیے۔
توانائی، صنعت اور سرمایہ کاری میں پیش رفت کی توقع
صدر پوتن اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں توانائی اور صنعتی تعاون کو بھی مرکزی حیثیت حاصل رہنے کی توقع ہے۔
پاکستان اور روس کے درمیان تیل، گیس، ایل این جی، بجلی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے پہلے ہی مختلف سطحوں پر مذاکرات جاری ہیں۔
پاکستان کے لیے روسی توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت صرف تیل اور گیس کی خریداری تک محدود نہیں، مشترکہ منصوبے، سرمایہ کاری، مقامی پیداوار، تکنیکی مہارت اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی زیادہ پائیدار فوائد فراہم کر سکتی ہے۔
پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔
پاکستان اسٹیل ملز دونوں ممالک کے تاریخی صنعتی تعلقات کی ایک اہم علامت رہی ہے، اس کی بحالی یا جدید صنعتی بنیادوں پر نئے منصوبے کی تیاری پاکستان میں صنعتی ترقی، مقامی پیداوار اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے اہم ہو سکتی ہے۔
تاہم بڑے صنعتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے مالیاتی انتظام، سرمایہ کاری کا قابل عمل ماڈل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور واضح مدت ضروری ہوتی ہے۔
وزیراعظم کا دورہ ان معاملات میں اعلیٰ سطحی اتفاق رائے پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
براہ راست پروازیں اور مال بردار ریلوے
پاکستان اور روس کے تعلقات میں ایک اور بنیادی رکاوٹ براہ راست فضائی رابطے کا نہ ہونا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے کاروباری افراد، طلبہ، سیاح اور پاکستانی خاندان عموماً تیسرے ملک کے ذریعے سفر کرتے ہیں، اس سے سفر کا دورانیہ اور اخراجات دونوں بڑھ جاتے ہیں۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی اس مسئلے کی بھی مسلسل نشاندہی کرتے رہے ہیں۔
وزیراعظم کے دورے میں براہ راست فضائی رابطے کے حوالے سے پیش رفت ہوتی ہے تو اس کا فائدہ صرف ہوابازی کے شعبے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ تجارت، سیاحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں کے کئی شعبوں پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔
اسی طرح پاکستان سے ایران، ترکمانستان اور قازقستان کے راستے روس تک مجوزہ مال بردار ریلوے رابطہ بھی اقتصادی تعاون کا اہم حصہ ہے۔
اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر پہلے ہی مذاکرات اور معاہدے ہو چکے ہیں، حالیہ بین الحکومتی کمیشن میں بھی ٹرانسپورٹ اور ریلوے تعاون پر توجہ دی گئی ہے۔
اب ضرورت اس بات کی ہے کہ مجوزہ منصوبوں کے آغاز اور مستقل تجارتی استعمال کے لیے واضح مدت طے کی جائے۔
براہ راست پروازیں اور مستقل زمینی تجارتی راستے پاکستان اور روس کے درمیان جغرافیائی فاصلے کو اقتصادی فاصلے میں تبدیل ہونے سے روک سکتے ہیں۔
پاکستانی طلبہ سے وزیراعظم کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف کی ماسکو میں پاکستانی طلبہ کے ساتھ متوقع نشست بھی اس دورے کا ایک اہم اور انسانی پہلو ہے۔
روس میں ایک ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ یہ نوجوان مستقبل میں پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی، سائنسی، ثقافتی اور کاروباری روابط میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن اس وقت تعلیمی تعاون کے سامنے بھی وہی ویزا دعوت ناموں کا مسئلہ موجود ہے۔
پاکستان میں ایسے طلبہ اور خاندان موجود ہیں جنہوں نے روسی جامعات میں داخلے کے لیے تمام ضروری مراحل مکمل کیے، فیس ادا کی اور دستاویزات تیار کیں، لیکن دعوت نامے کے انتظار میں ان کی تعلیم شروع نہیں ہو سکی۔
بعض طلبہ کو اپنے تعلیمی مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ روس میں پہلے سے زیر تعلیم بعض پاکستانی طلبہ نے بھی ویزوں کی توسیع کے حوالے سے مشکلات کی شکایات کی ہیں۔
وزیراعظم کی طلبہ سے ملاقات میں ان مسائل کو خاص توجہ ملنی چاہیے، پاکستانی سفارت خانے اور روسی جامعات کے درمیان رابطوں کے ساتھ متعلقہ روسی وزارتوں کی سطح پر بھی ایسا انتظام ہونا چاہیے جس سے طلبہ کے جائز معاملات بروقت حل ہو سکیں۔
تعلیمی تعاون کے نئے معاہدے، وظائف میں اضافہ اور پاکستانی طلبہ کی تعداد بڑھانے کے اہداف اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن پہلے سے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو اپنی تعلیم شروع کرنے کا موقع فراہم کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
تعلیم ایسا شعبہ ہے جس کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں۔
آج روس میں تعلیم حاصل کرنے والا پاکستانی نوجوان کل پاکستان میں روسی کمپنیوں، جامعات، تحقیقی اداروں اور کاروباری حلقوں کے ساتھ رابطے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اس لیے پاکستانی طلبہ کے ویزا مسائل کا حل محض ایک تعلیمی ضرورت نہیں بلکہ پاک روس تعلقات میں طویل مدتی سرمایہ کاری بھی ہے۔
سفارتی تیاری اور سفیر فیصل نیاز ترمذی کا کردار
وزیراعظم کے دورے سے قبل اقتصادی مذاکرات، بین الحکومتی کمیشن کا انعقاد، کاروباری وفود کی تیاری اور روسی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطوں میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا کردار بھی قابل ذکر ہے۔
گزشتہ کئی ماہ کے دوران انہوں نے کاروباری اور تعلیمی روابط بڑھانے کے ساتھ ویزا سہولت، براہ راست فضائی رابطے اور مالیاتی و تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے۔
وزیراعظم کی ماسکو آمد سے پہلے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط اور کاروباری فورم کی تیاری اس وسیع تر سفارتی کوشش کا حصہ ہیں۔
اب ان کوششوں کو سربراہی سطح کے فیصلوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے کی ضرورت ہے۔
صدر پوتن کا ممکنہ دورۂ پاکستان
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ماسکو کا ایک اور اہم سفارتی پہلو صدر پوتن کو پاکستان کے دورے کی ممکنہ دعوت ہے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ میں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وزیراعظم اپنی ملاقات کے دوران روسی صدر کو آئندہ سال پاکستان آنے کی دعوت دے سکتے ہیں، خصوصاً 2027 میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے متوقع سربراہی اجلاس کے تناظر میں۔
اگر مستقبل میں صدر پوتن پاکستان کا دورہ کرتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نمایاں سفارتی پیش رفت ہوگی۔
تاہم اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف کے موجودہ دورے سے ایسے نتائج حاصل کرنے کی ضرورت ہے جو دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اعلیٰ سطحی رابطوں کو مزید بامقصد بنا سکیں۔
پاکستان اور روس کے تعلقات کو وسیع تر عالمی تناظر میں بھی دیکھنا چاہیے۔
روس کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کے کسی دوسرے ملک کے ساتھ تعلقات کا متبادل نہیں، بلکہ پاکستان کی متوازن اور قومی مفادات پر مبنی خارجہ پالیسی میں ایک اہم اضافہ ہیں۔
پاکستان کو مختلف عالمی اور علاقائی طاقتوں کے ساتھ ایسے تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے جن سے ملکی معیشت، سرمایہ کاری، تجارت، توانائی اور قومی ترقی کو فائدہ پہنچے۔
تین روزہ دورے کے بعد اصل امتحان
30 نومبر سے شروع ہونے والا وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ روس تین روزہ ہوگا، لیکن اس کے نتائج اور اثرات آنے والے کئی برسوں کے لیے اہم ہو سکتے ہیں۔
صدر پوتن سے ملاقات، پاکستان روس بزنس فورم، کمپنیوں کے درمیان کاروباری مذاکرات، پاکستانی طلبہ کے ساتھ نشست اور مختلف معاہدوں پر متوقع دستخط اس دورے کو ایک جامع سفارتی اور اقتصادی پروگرام بناتے ہیں۔
لیکن میرے نزدیک اس دورے کی حقیقی کامیابی کا اندازہ دورے کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے سے زیادہ آنے والے مہینوں میں ہونے والی تبدیلیوں سے ہوگا۔
اگر پاکستانی کاروباری افراد کو روسی بزنس ویزا دعوت نامے معمول کے مطابق ملنا شروع ہو جائیں، پاکستانی طلبہ کے تعلیمی دعوت ناموں کی رکاوٹیں ختم ہوں، پاکستان کو روسی الیکٹرانک ویزا نظام میں شامل کرنے کی سمت پیش رفت ہو، قانونی بینکاری اور ترسیلات زر کا نظام قائم ہو، براہ راست پروازوں اور مال بردار ریلوے منصوبوں کے لیے واضح فیصلے سامنے آئیں اور کاروباری فورم کے معاہدے حقیقی تجارت میں تبدیل ہوں تو اس دورے کے فوائد عام پاکستانی بھی محسوس کر سکیں گے۔
پاکستان اور روس نے 2030 تک پانچ ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔ اب اس ہدف تک پہنچنے کے لیے راستہ بھی بنانا ہوگا۔
کاروباری شخص کو سفر کی سہولت، طالب علم کو بروقت ویزا، سرمایہ کار کو اعتماد، برآمد کنندہ کو ادائیگی کا تحفظ اور روس میں مقیم پاکستانی کو اپنی جائز کمائی وطن بھیجنے کا محفوظ ذریعہ فراہم کرنا ہوگا۔
پاک روس تعلقات کی سیاسی بنیاد پہلے ہی مضبوط ہو رہی ہے۔ اقتصادی تعاون کا پروگرام بھی طے پا چکا ہے، اب ضرورت اس سیاسی اعتماد کو ایسی عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ہے جس کے فوائد سرکاری اجلاسوں اور معاہدوں سے نکل کر دونوں ممالک کے عوام تک پہنچیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ ماسکو اور صدر پوتن سے ملاقات اسی تبدیلی کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
پاکستان اور روس کے تعلقات میں اب امکانات سے زیادہ عملدرآمد کی اہمیت ہے۔ پانچ ارب ڈالر کی تجارت کا سفر بھی اسی دن شروع ہوگا جب دونوں ممالک کے لوگوں، کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان موجود عملی رکاوٹیں دور ہونا شروع ہوں گی۔
