بابر اعظم نے مکی آرتھر سے ایک ہفتے تک بات کیوں نہیں کی؟ سابق کوچ کا اہم انکشاف

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انکشاف کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے کے باوجود انہوں نے بابر اعظم کو سست بیٹنگ پر پوری ٹیم کے سامنے تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر قومی بیٹر اتنے ناراض ہوئے کہ ایک ہفتے تک ان سے بات ہی نہیں کی۔
مکی آرتھر نے پوڈ کاسٹ پروگرام ’دی سپر اوور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ون ڈے کا واقعہ بیان کیا اور بتایا کہ بابر اعظم نے سنچری مکمل کرنے کے لیے 90 سے 100 رنز تک پہنچنے میں 15 گیندیں ضائع کیں جب کہ ٹیم کو اس موقع پر تیز رنز کی ضرورت تھی۔
مکی آرتھر کے مطابق یہ واقعہ 17 مئی 2019 کو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ کا ہے، اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے تھے، جس میں بابر اعظم نے 112 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
مکی آرتھر نے بتایا کہ بابر اعظم نے 78 گیندوں پر 90 رنز بنائے تھے تاہم انہیں 100 رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 15 گیندیں کھیلنا پڑیں۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد بابر اعظم نے اگلی 2 گیندوں پر لگاتار 2 چھکے جڑ دیے۔
سابق ہیڈ کوچ کے مطابق انہوں نے ڈریسنگ روم میں پوری ٹیم کے سامنے بابر اعظم کو اس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر وہ 90 سے 100 رنز تک پہنچنے کے لیے 15 کے بجائے صرف 5 گیندیں لیتے تو پاکستان کو مزید 10 گیندیں کھیلنے کا موقع ملتا، جن پر تقریباً 15 اضافی رنز بنائے جا سکتے تھے اور ٹیم باآسانی میچ جیت سکتی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پاکستان نے میچ اسی 15 گیندوں کے دوران کھویا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے بابر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا تو ڈریسنگ روم میں موجود دیگر کھلاڑی بھی حیران رہ گئے اور انہیں کہا کہ بابر نے سنچری بنائی ہے، ان پر اس طرح تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
مکی آرتھر نے مزید بتایا کہ بابر اعظم کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے تھے تاہم اس واقعے کے بعد قومی بیٹر نے ایک ہفتے تک ان سے بات نہیں کی۔
پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ نے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے 2019 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بابر اعظم کی سنچری کو بھی یاد کیا۔ ان کے مطابق بابر نے ایجبسٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں 126 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلائی تھی۔
انہوں نے اس اننگز کو اپنے دور میں بابر اعظم کی بہترین سنچری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں آج بھی اس اننگز کو یاد کرکے خوشی محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بابر نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی اور پھر ڈریسنگ روم کی جانب اپنا بلا بلند کیا۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے اور ان کی کوچنگ میں پاکستان نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی تھی۔
