رکن اسمبلی میر زابد علی ریکی کی نظربندی اور علامہ راشد محمود سومرو کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے: جے یو آئی
حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، کل لاڑکانہ میں تاریخی شہید اسلام کانفرنس ہوگی: صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان نے واشک سے رکن صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی کو ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کرنے اور سندھ میں جمعیت علما اسلام کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی بوکھلاہٹ اور سیاسی انتقام کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین، سید ظفر آغا اور فضل قادر مندوخیل کے بعد اب واشک سے رکن صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی کو بھی ان کی رہائش گاہ واشک میں نظر بند کردیا گیا ہے۔ منتخب نمائندوں کی مسلسل نظر بندی جمہوری اور آئینی حقوق کے منافی ہے، جس پر جمعیت علما اسلام کو شدید تشویش ہے۔انہوں نے علامہ راشد محمود سومرو کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیاسی انتقام میں تمام حدود پار کرکے تاریخ کا بدترین کردار ادا کر رہی ہے۔ شہید اسلام کانفرنس لاڑکانہ سے خوفزدہ عناصر نے علامہ راشد محمود سومرو کو گرفتار کرکے اپنی بوکھلاہٹ ظاہر کردی ہے۔ ان کی گرفتاری شہید اسلام کانفرنس کے انعقاد کو روکنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔دلاور خان کاکڑ نے کہا کہ قیادت کی گرفتاریوں، دھمکیوں اور حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے جمعیت علما اسلام کے کارکنوں اور رہنماؤں کے حوصلے متزلزل نہیں کیے جاسکتے۔ سیاسی انتقامی کارروائیاں جماعت کے عزم و استقامت کو کمزور نہیں کرسکتیں، جبکہ کل لاڑکانہ میں منعقد ہونے والی شہید اسلام کانفرنس ہر لحاظ سے تاریخی اور فقیدالمثال اجتماع ثابت ہوگی۔صوبائی ترجمان نے کہا کہ جمعیت علما اسلام بلوچستان مرکزی قیادت کے آئندہ لائحہ عمل کی منتظر ہے اور مرکزی قیادت کی جانب سے کیے جانے والے ہر فیصلے پر بھرپور لبیک کہا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اپنے آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
