پشتون مزدوروں کو ان کے روزگار کے سفر کے دوران گاڑی سے اتار کر شناخت اور قومیت کی بنیاد پر بے دردی سے قتل کرنا ایک سنگین قومی و انسانی المیہ ہے،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں ضلع کوہلو کی تحصیل زرکوانہ کے علاقے ہوسڑی میں چمالنگ سے دکی جانے والی مسافر پک اَپ سے پشتون مزدوروں کو زبردستی اتار کر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 11 بے گناہ افراد، جن میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی دکی کے رکن نیاز محمد زرکون سمیت دیگر پشتون مزدور بھی شامل ہیں، کی بہیمانہ شہادت کے انسانیت سوز واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پشتون دشمنی، سفاکیت اور بزدلانہ دہشتگردی کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔پارٹی نے کہا کہ پشتون مزدوروں کو ان کے روزگار کے سفر کے دوران گاڑی سے اتار کر شناخت اور قومیت کی بنیاد پر بے دردی سے قتل کرنا ایک سنگین قومی و انسانی المیہ ہے۔ شہید ہونے والے 11 افراد میں تین کا تعلق ضلع دکی، ایک کا سنجاوی ضلع زیارت جبکہ سات کا تعلق افغانستان سے ہے۔ ان شہداء میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی دکی کے رکن نیاز محمد زرکون سمیت دیگر پشتون محنت کش بھی شامل ہیں۔ یہ تمام محنت کش اپنے خاندانوں کی کفالت اور دو وقت کی روٹی کمانے کے لیے گھر سے نکلے تھے، لیکن دہشتگردی کے درندہ صفت عناصر نے انہیں بے رحمی سے قتل کرکے کئی خاندانوں کو عمر بھر کے غم میں مبتلا کردیا۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ پشتون وطن میں پشتون مزدوروں، محنت کشوں اور بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ ماضی میں بھی مختلف علاقوں میں پشتون مزدوروں کو شناخت کرکے قتل کرنے، مسافر گاڑیوں سے اتار کر شہید کرنے اور اجتماعی قتل عام کے متعدد دلخراش واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ ان مسلسل دہشتگردانہ کارروائیوں کا مقصد پشتون عوام میں خوف و ہراس پھیلانا، انہیں اپنے وطن میں روزگار، کاروبار اور آزادانہ نقل و حرکت سے محروم کرنا اور ان کی معاشی و سماجی زندگی کو مفلوج کرنا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ ان واقعات کے باوجود دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی نہیں کی جارہی اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام بدستور جاری ہے۔پارٹی نے واضح کیا کہ پشتون مزدوروں اور محنت کشوں کا قتل عام کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ ریاست اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ اگر شہری اپنے ہی وطن کی سڑکوں پر محفوظ نہیں تو حکومتی دعوؤں اور امن و امان کی صورتحال پر سنجیدہ سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔ محض مذمتی بیانات اور روایتی اعلانات سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں، بلکہ اس کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز عملی کارروائی ناگزیر ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس المناک واقعے میں ملوث تمام دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، واقعے کی اعلیٰ سطحی اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اس کے پس پردہ تمام عناصر اور سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے۔ حکومت شہدائ کے خاندانوں کو فوری مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام اور پشتون مزدوروں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل اقدامات کرے۔پارٹی نے بالخصوص اپنے رکن نیاز محمد زرکون اور دیگر تمام شہید پشتون مزدوروں و محنت کشوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بے گناہ انسانوں کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مظلوم محنت کشوں کے خون کا حساب، قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی تک اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
