امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا دورہ پشاور

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے صوبۂ خیبر پختون خوا کے بڑے شہر پشاور کا دورہ کیا ہے۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم ، یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلیمین اور امریکی قونصل جنرل رچرڈ ایچ ریلی نے یو ای ٹی پشاور میں یو ایس، پاکستان سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان انرجی کا دورہ بھی کیا۔
سفیر بلَوم نے طورخم سرحد کا دورہ بھی کیا تاکہ اندازہ کیا جا سکے کہ یہ کس طرح خیبر پختون خوا کی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں معاون ہے۔یاد رہے کہ پشاور تا طورخم سڑک 8 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز مالیت کا امریکی منصوبہ ہے جس کی بدولت روزانہ مسافروں، تاجروں کی نقل و حمل اور گاڑیوں کی دیکھ بھال کا خرچ نصف ہو گیا ہے۔


امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ اس متاثر کن سہولت کو دیکھنے کا موقع دینے کا شکریہ، یہ دیکھنا متاثر کن ہے کہ کس طرح آپ کی کوششیں اور ہماری مدد زندگیاں بچا رہی ہے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان 75 سالہ تعلقات کی یاد منا رہے ہیں، یہ سہولت ہمارے مشترکہ وژن اور ہماری عظیم کامیابیوں کی علامت ہے۔انکا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی کے پی حکومت کے ساتھ دیرینہ شراکت داری شہریوں کی زندگیوں کو بچانے اور بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ کے پی برنز اینڈ پلاسٹک سرجری سنٹر کے لیے امریکی حکومت کی فنڈنگ ہمارے عزم کی ایک اور مثال ہے، خوشی ہے کہ یہ مرکز صوبے کے ان مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے جنہیں پہلے علاج کے لیے طویل فاصلے طے کرنا پڑتا تھا۔امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی جلنے والے مریضوں کے لیے اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ انسانی ہمدردی سرحدوں تک محدود نہیں ہے۔
اس دورے میں سفیر بلَوم اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے مشن ڈائریکٹر رِیڈ ایسچلیمین نے خیبر پختون خوا کے محکمۂ صحت کو 36 گاڑیوں کا عطیہ بھی دیا جو کووڈ 19 کی وباء سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے سہولتوں سے آراستہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا کی جانب سے پاکستان میں بچوں کے لیے 1 کروڑ 60 لاکھ کووڈ 19 کی ویکسین کی خوراک فراہم کرنے کا بھی اعلان سامنے آیا تھا جس کے بعد امریکا کی جانب سے اب تک پاکستان کو فراہم کی گئی کورونا ویکسین کی خوراک کی تعداد 7 کروڑ 70 لاکھ ہو جائے گی۔