عدالت نے قانونی ٹیم کی طرف سے شہباز گل سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے قانونی ٹیم کی طرف سے شہباز گل سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی ہے . پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے کہا آج ملاقات کے حق میں نہیں، کل شہباز گل کو عدالت میں پیش کرنا ہے .

صرف دو دن کا ریمانڈ ہے اور قانونی ٹیم نے ملاقات کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی . پراسیکیوٹر نے مزید کہا کی قانونی ٹیم صبح ہی شہباز گل سے ملاقات کر لے، پولیس ملزم سے تفتیش کر رہی ہے .
عدالت نے دلائل سننے کے بعد شہباز گل سے ملاقات کی درخواست مسترد کی . شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ قانونی ٹیم شہباز گل سے ملاقات کرنا چاہتی ہے ،اجازت دی جائے،دوسری جانب پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل جاری ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل نے کس کے کہنے پر اداروں کے خلاف بیان دیا .
اسی طرح شہبازگل کے موبائل فون کا فرانزک ٹیسٹ بھی کیا جارہا ہے، بنی گالہ اور نجی چینل کے نمبرز کی سی ڈی آرز بھی نکلوائی جارہی ہیں .

پولیس نے شہبازگل کے دوسرے موبائل فون کی برآمدگی کیلئے ڈرائیور کے گھر پر چھاپا مارا ، ڈرائیور گھر سے فرار ہوگیا پولیس نے ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کرلیا ، جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر نے خاتون ملزمہ کو جیل بھیج دیا ہے، جبکہ ملزم نعمان کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا ہے . اسی طرح پولیس کو شہبازگل کی میڈیکل رپورٹ موصول ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق شہبازگل پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا اور نہ ہی تشدد کے نشانات ہیں .
دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شہبازگل کے ڈرائیور کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی، البتہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کررہی ہے، جہاں کہیں بھی قانونی کاروائی کی ضرورت پڑی پولیس اپنا کام کرے گی .

. .

متعلقہ خبریں