امریکہ کا سندھ سیلاب وبارشوں کے متاثرین کی مدد کیلئے ایک ملین ڈالرامداد کا اعلان

کراچی(قدرت روزنامہ) امریکہ نے سندھ سیلاب وبارشوں کے متاثرین کی مدد کیلئے ایک ملین ڈالرامداد کا اعلان کردیا ہے . وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ملاقات میں بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا گیا .

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پاکستان میں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، ملاقات میں بارش سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا گیا .
ملاقات میں تعلیم، صحت کے شعبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت بھی کی گئی . وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ شدید بارشوں سے سندھ میں 3 ڈویژنوں کے 8 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے .
ملاقات میں امریکہ نے سندھ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا ہے . امریکی سفیر ڈونلڈبلوم نے کہا کہ یوایس ایجنسی فارانٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی جانب سے مالی امداد فراہم کی گئی .

دوسری جانب اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارشوں کی وجہ سے کراچی میں جمعہ کو انٹر آرٹس ریگولر و پرائیویٹ کے امتحانی پرچے ملتوی کردیئے ہیں، اب یہ پرچے منگل 23 اگست کو لیے جائیں گے . علاوہ ازیں ڈاؤ یونیورسٹی میں 12 اور 13 اگست کو ہونے والے (شام/صبح) تمام امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں . ملتوی شدہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا .
واضح رہے کہ ان امتحانات کا انعقاد کرکٹ گراونڈ اوجھا کیمپس اور ڈاو میڈیکل کالج میں ہونا تھا . اسی طرح ماڑی پور پولیس نے تیز ہوائوں اور سمندر کی اونچی لہروں کے باعث شہریوں کو 17اگست تک سمندر کے قریب جانے سے روکنے کیلئے مختلف راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں . جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پولیس نے سمندر میں نہانے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیاجبکہ پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے ماہر غوطہ خوروں کی مدد بھی حاصل کرلی ہے جو ساحل سمندر پر موجودرہیں گے . پولیس نے عوام کو بذریعہ سوشل میڈیا سمندر سے دور رہنے کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کی ہے .

. .

متعلقہ خبریں