سندھ حکومت کا 5 ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض، اہم فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سندھ میں تعینات 5 ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں پر سندھ حکومت نے اعتراض اٹھا دیا۔
سندھ حکومت نے پانچوں پولیس افسران کی خدمات وفاق کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ خط کر آگاہ کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پانچوں ایس ایس پیز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔
وفاق نے 13نومبر 2026 کو 5 ایس ایس پیز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
سندھ حکومت کے خط میں کہا گیا ہے کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں تبادلوں کیلئے وزیراعلیٰ سے مشاورت لازمی ہے، تبادلوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
سندھ حکومت نے خط میں سول سروسز رولز 1954 کے رول 15(1) کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ وزیراعلیٰ کی مشاورت کے بغیر تبادلے قانونی ضوابط کےخلاف ہیں۔
واضح رہے کہ ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کا بلوچستان تبادلہ کیا گیا تھا، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق کا بھی بلوچستان تبادلہ کیا گیا۔
ایس ایس پی سکھر احمد فیصل چوہدری، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومرو میمن کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ پولیس میں گریڈ 18 کی 80 منظورشدہ آسامیوں میں سے 41 خالی ہیں اور 5 ایس ایس پیز کی ریلیز سے خالی آسامیوں کی تعداد 46 ہو جائے گی، اور ان 5اضلاع میں پولیس کے باقاعدہ سربراہ موجود نہیں رہیں گے جس سے پولیس کے انتظامی امور میں مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
صوبائی حکومت نے وفاق سے گریڈ 18 کی 41 خالی آسامیوں پر پی ایس پی افسران تعینات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ پولیس افسران کے تبادلے وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت سے کیے جائیں۔
