شیخ رشید کی اسپتال کے بیڈ پر لیٹے تصویر، سابق وزیرداخلہ نے حقیقت بتا دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے سوشل میڈیا پر وائرل اپنی تصویر کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔گذشتہ روز سے سوشل میڈیا پر شیخ رشید کی ایک تصویر وائرل ہے جس میں انہیں اسپتال میں بیڈ پر لیتے دیکھا جا سکتا ہےجہاں ان کے ہاتھ میں دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر کے ساتھ لکھا گیا تھا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میری کورونا کے وقت کی تصویر وائرل کی گئی، یہ چاہتے ہیں شیخ رشید کب مرے۔شیخ رشید نے مزید کہا اکتوبر نومبر میں الیکشن کے بیان پر قائم ہوں لیکن سیاستدان کو بات کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہئیے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اس بیان کی حمایت کرتا ہوں کہ الیکشن کا اعلان ہو تو بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ عوام کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہونے والے ہیں،یوم آزادی کو یوم بربادی نہ بنایا جائے۔ 45 دن بہت اہم ہیں،غربت کے ہاتھوں لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں۔ خیبر پختو نخوا کے بعد بھتہ خوروں کی کالیں اسلام آباد اور راولپنڈی پہنچ گئی ہیں۔
وزراء زیادہ اور وزارتیں کم پڑ گئی ہیں،5 درجن سے زیادہ وزراء صرف پریس کانفرنس کرنے میں مصروف ہیں۔ عوام کی عدالت ہر صبح سوشل میڈیا پر لگتی ہے،140 ملین باشعور نوجوانوں کی جیب میں فون ہے۔ حکمران اقتدار کا کمبل چھوڑ رہے ہیں، اور اب کمبل انہیں نہیں چھوڑ رہا، حکمران زمینی حقائق سمجھنے سے عاری ہیں۔ قبل ازیں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مائنس ون نہیں مائنس آل ہو گا اور سب گھر جائیں گے۔غربت کے ہاتھوں لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں۔
