ملک میں چینی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

کراچی(قدرت روزنامہ) ملک میں چینی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ، اضافی چینی کی فوری برآمد کی اجازت نہ ملنے پر شوگر ملز ایسو سی ایشن سندھ زون کا آئندہ کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسو سی ایشن سندھ زون نے حکومت سے فالتو چینی فوری برآمد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پچھلے کرشنگ سیزن میں شوگرملوں نے ریکارڈ 8ملین ٹن چینی بنائی، 6ملین ٹن ملکی کھپت کے بعد 2 ملین ٹن چینی اضافی پڑی ہے۔
برآمد کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان شوگر ملز ایسوایشن (سندھ زون)نے آئندہ کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ رواں سال گنے کی کاشت 10فیصد زیادہ ہوئی ہے ۔حالیہ بارشوں کی وجہ سے گنے کی بہتر پیداوار ہونے کا امکان ہے حکومت نے فی الفور فالتو چینی برآمد کرنے کا فیصلہ نہ کیاتو اس کا منفی اثر کاشتکار، شوگر انڈسٹری پر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم سے اپیل ہے کہ فالتو چینی کی فوری برآمد کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات صادر فرمائیں۔

WhatsApp
Get Alert