ایشیاء کپ: پاک بھارت میچ کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان ہوگیا

دبئی (قدرت روزنامہ) ایشیاء کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیاکپ کے اہم میچ میں روایتی حریفوں کے تجربہ کار کمنٹیٹرز اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے نظر آئیں گے، فہرست میں بھارت کے سابق کوچ روی شاستری، عرفان پٹھان، گوتم گمبھیر کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور وقار یونس بھی کمنٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔
علاوہ ازیں سری لنکا کے رسل آرنلڈ، نیوزی لینڈ کے سکاٹ سٹائرس اور بنگلا دیش کے اطہر علی خان کے نام بھی کمنٹری پینل میں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی 20 ایشیا کپ 2022ء دبئی اور شارجہ میں 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ 27 اگست کو افغانستان سے ہوگا جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ ایونٹ میں بھارت، پاکستان، افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش کے علاوہ متحدہ عرب امارات، سنگاپور، کویت اور ہانگ کانگ میں سے کوئی ایک ٹیم حصہ لے گی۔
