پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیدیا

جمیکا (قدرت روزنامہ) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے 168 رنز کا ہدف دیدیا ہے . جمیکا میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فہیم اشرف نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا .

پاکستانی ٹیم چوتھے روز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور مجموعی سکور میں 8 رنز کے اضافے کے بعد فہیم اشرف آؤٹ ہوگئے . اس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی کیچ دے بیٹھے اور پھر کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم سکا . قومی ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دے دیا . بابراعظم 55 رنز ، عابد علی 34 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر نمایاں رہے . ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 5 وکٹیں حاصل کیں . اس سے قبل کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے 251 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو جوشوا ڈی سلوا اور جومیل ویریکن وکٹ پر موجود تھے . پاکستان کو ویسٹ انڈین ٹیم کو آؤٹ کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور میزبان ٹیم اپنے گزشتہ دن کے سکور میں مزید 2 رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئی . شاہین شاہ آفریدی نے دن کے پہلے ہی اوور میں ویریکن کو چلتا کیا اور پھر اپنے اگلے ہی اوور میں جوشوا ڈی سلوا کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کے بڑی لیڈ کے حصول کے خواب پر پانی پھیر دیا . ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 253 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور 36 رنز کی برتری حاصل کی . ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ جیسن ہولڈر نے 58 رنز بنائے . پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عباس نے تین وکٹیں اپنے نام کیں . پاکستان نے 36 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر عمران بٹ اس اننگز میں بھی ناکام رہے اور کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے . اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ مل کر 55 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز 23 رنز بنانے کے بعد کیماروچ کو وکٹ دے بیٹھے . عابد علی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی لیکن جیڈن سیلز نے ان کا کام تمام کردیا لیکن پاکستان کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب گزشتہ اننگز میں نصف سنچری بنانے والے فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے سیلز کی دوسری وکٹ بن گئے . 65 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے ان کے نائب محمد رضوان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی . اسکور 117 تک پہنچا ہی تھا کہ میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا . پاکستان نے اب تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے ہیں، بابر 28 اور رضوان 26 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان کو دوسری اننگز میں 81 رنز کی برتری حاصل ہے . ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیماروچ اور سیلز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں . یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی . . .

متعلقہ خبریں