نواب شاہ کے قریب لاکھوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر تیل ضائع

نواب شاہ (قدرت روزنامہ)نواب شاہ کے قریب لاکھوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر تیل ضائع ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے قریب پاکستان ریلوے کی مال گاڑی کے آئل ٹینکر سے لاکھوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر تیل بہہ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مال گاڑی کراچی سے ملتان جا رہی تھی جس میں ہزاروں لیٹر فرنس آئل موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق نواب شاہ کے قریب مال گاڑی کے آئل ٹینکر کے جوائنٹ کھل گئے اور تیل آہستہ آہستہ گرنے لگا جس پر ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور،گارڈ اور اسٹیشن کے عملے نے بہتے تیل کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ ناکام ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مال گاڑی کے آئل ٹینکر سے بہنے والے تیل کی مالیت 50 سے 60 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ریلوے حکام نے کہا کہ ریلوے کی ٹیکنیکل ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی ہے اور تیل بہنے کے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ریلوے پولیس کا اس واقعے پر کہنا تھا کہ تیل میں آگ لگنے کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور عوام کو جائے وقوعہ سے دور رکھا جا رہا ہے۔