پنج شیر سے فرار کی اطلاعات، امراللہ صالح منظر عام پر آگئے
کابل (قدرت روزنامہ) افغانستان کے سابق نائب صدر اور موجودہ خود ساختہ صدر امراللہ صالح فرار کی اطلاعات کے بعد منظر عام پر آگئے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ امراللہ صالح گزشتہ روز اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دو طیاروں میں سوار ہو کر تاجکستان فرار ہوگئے ہیں۔ دنیا بھر کے میڈیا پر ہنگامہ مچنے کے بعد امراللہ صالح منظر عام پر آگئے اور اپنے فرار کی خبروں کی تردید کردی۔
امراللہ صالح نے افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز کو انٹرویو دیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ کہیں فرار نہیں ہوئے اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔ وہ اپنے علاقے میں اپنے لوگوں کے ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنج شیر میں طالبان اور قومی مزاحمتی محاذ کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب امراللہ صالح کے فرار کے حوالے سے دعوے سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل جب طالبان شمالی صوبوں کو فتح کر رہے تھے اس وقت بھی یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ امراللہ صالح تاجکستان فرار ہوگئے ہیں تاہم کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد واضح ہوا تھا کہ وہ احمد مسعود کے ساتھ وادی پنج شیر میں موجود ہیں۔
