راولپنڈی(قدرت روزنامہ) تھانہ ریس کورس کے علاقے گلنار کالونی لین 2 قاسم مارکیٹ سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے سابق مشیر و چیئرمین چیف منسٹر کمپلینٹ سیل پنجاب زبیر احمد خان کو گھر کے باہر سے اغواء کر لیا گیا . سابق مشیر و چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب کمپلینٹ سیل زبیر احمد خان کے بیٹے شجاع زبیر نے رابطے پر بتایا کہ والد زبیر احمد خان گھر آرہے تھے کہ جیسے ہی گلی میں داخل ہوئے تو سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے اسلحے کی نوک پر انکی گاڑی رکوائی اور زبردستی گاڑی سے اتروا کر دوسری گاڑی میں سوار کرواتے ہوئے فرار ہوگئے .
سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد گاڑیوں و موٹر سائیکلوں پر پہلے ہی گلی میں موجود تھے . ڈرائیور کا شور سن کر پیچھے بھاگے تو نامعلوم گاڑی و موٹر سائیکل سوار والد کو لیکر فرار ہوگئے .
شجاع زبیر کا کہنا تھا کہ والد کے ساتھ تقریباً 15 سال سے ڈرائیور کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے محمد مبین کی جانب سے تھانہ ریس کورس میں باقائدہ درخواست بھی دے دی ہے لیکن شنوائی نہی کی جا رہی جبکہ درخواست میں تحریر کیا گیا کہ ملزمان زبیر خان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے اغواء کرکے لے گئے جس کے باعث والد کی جان کو سخت خطرہ ہے.
تھانہ ریس کورس میں زبیر احمد خان کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ زبیر احمد خان کے ڈرائیور مبین احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا . مقدمے کے مطابق گھر آنے کے لیے گاڑی جیسے ہی گلی میں مڑی دو موٹر سائیکل اور گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے گاڑی رکوا کر زبردستی اغواء کرلیا، ملزمان دھمکیاں دیتے ہوئے زبیر خان کو ساتھ لے گئے .
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش میں مصروف ہیں .