کابل ہوائی اڈا فضائی آپریشنز کیلئے جزوی طور پر کھل گیا
کابل (قدرت روزنامہ) افغانستان کی قومی فضائی کمپنی کے مطابق کابل ہوائی اڈے کو فضائی آپریشنز کیلئے جزوی طور پر کھول دیا گیا ۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کابل ہوائی اڈا صرف امداد کی وصولی اور اندرون ملک پروازوں کیلئے کھولا گیا ہے ، یہ پروازیں دارالحکومت کابل اور تین دیگر شہروں ہرات، مزار شرف اور قندھار کے درمیان چلائی جا رہی ہیں۔
افغان قومی فضائی کمپنی ( اریانا) نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر بیان میں بتایا کہ فضائی کمپنی اندرونی پروازوں کے دوبارہ آغاز پر مسرت اور فخر محسوس کر رہی ہے۔
کابل ہوائی اڈہ بیرون اور اندرون ملک دونوں کے لحاظ سے شہہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کا دوبارہ کھولا جانا طالبان تحریک کی انتہائی ترجیحات میں شامل ہے۔ طالبان نے 15 اگست کو کابل کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے کابل کا ہوائی اڈہ فضائی آپریشن کے لیے بند تھا۔
واضح رہے کہ قطر سے آئی تکنیکی ٹیم نے امدادی اور اندرون ملک پروازوں کے استقبال کے لیے دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے کو پھر سے کھول دیا تھا۔
