کیا واقعی پانی پی کر بھی پیسے بچائے جاسکتے ہیں٬ 5 طریقے جو ماہانہ بچت میں بڑی مدد کرسکتے ہیں ذرا کوشش کر کے تو دیکھیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اس وقت پاکستان میں مہنگائی کا عالم یہ ہے کہ بنیادی ضروریات کی اشیاﺀ کی خریداری بھی ایک خواب بنتی جارہی ہے- ایسے حالات میں جب آپ روزمرہ کی اشیاﺀ پوری نہ کر پا رہے ہوں ماہانہ بچت کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا- لیکن چند طریقے اب بھی ایسے موجود ضرور ہیں جنہیں اختیار کر کے آپ فی الوقت کچھ بچا نہ بھی پائیں تو اپنا مہینہ ضرور پریشان ہوئے بغیر گزار سکتے ہیں-
کپڑے دھونے کے لیے اپنا ڈیٹرجنٹ

کپڑے دھونے کے لیے استعمال ہونے والا ڈیٹرجنٹ آپ کو ہر ماہ لازمی خریدنا پڑتا ہے- جبکہ برانڈڈ کمپنیاں اس کی نہ صرف بھاری قیمت وصول کرتی ہیں بلکہ ان کے تیار کردہ ڈیٹرجنٹ میں کچھ مضرِ صحت کیمیکلز بھی شامل ہوتے ہیں- لیکن آپ تھوڑا سا وقت نکال کر یہ ڈیٹرجنٹ گھر پر ہی تیار کر کے اپنے پیسوں کی بچت کرسکتے ہیں- آپ مختلف ترکیبوں کے ساتھ اپنا محفوظ اور سستا ڈیٹرجنٹ تیار کرسکتے ہیں جس میں صابن، واشنگ سوڈا اور بوریکس جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں۔
ضروری اشیاﺀ کی فہرست بنائیں اور اس پر قائم رہیں

آپ چاہے راشن وغیرہ کی اشیاﺀ آن لائن خریدیں یا پھر خود اسٹور جا کر آپ کے لیے ضروری ہے کہ پہلے ان اشیاﺀ کی فہرست لازمی بنا لیں- خریداری کے وقت اس فہرست پر قائم رہیں اور ایسی اشیاﺀ کو خریدنے سے گریز جو آپ کی فہرست میں شامل نہیں لیکن یہاں آپ کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہیں- ہمیشہ آن لائن اسٹورز کی مختلف آفرز اور اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی کریں-
نام کے پیچھے نہ بھاگیں

اگر آپ برانڈڈ اشیاﺀ کے بجائے عام اسٹورز پر ملنے والی معیاری لیکن کھلی اشیاﺀ کی خریداری کرتے ہیں تو آپ 20 فیصد تک بچت کرسکتے ہیں- ان عام مصنوعات میں صفائی کا سامان، سن اسکرین، دودھ، جڑی بوٹیوں اور مصالحوں سمیت بہت کچھ شامل ہو سکتا ہے۔
ریسٹورنٹس کو چھوڑیں سب گھر پر بنائیں

آج کل کے مہنگائی کے دور میں ریسٹورنٹ پر کھانا کھانا سوائے اپنے اخراجات میں بے پناہ اضافے کے اور کچھ نہیں- جہاں ایک جانب آپ کو ریسٹورنٹ کے کھانے آپ کو مزیدار ذائقے فراہم کرتے ہیں وہیں دوسری طرف یہ آپ کی جیب اور صحت دونوں پر منفی اثرات بھی مرتب کرتے ہیں- اس لیے بہتر یہ ہے کہ مزیدار ڈشز کو گھر پر ہی تیار کرنے کی کوشش کریں- اس سے نہ صرف آپ کو صحت بخش کھانا میسر ہوگا بلکہ یہ کافی کم قیمت میں بھی تیار ہوجائے گا-
زیادہ پانی پیجیے

اگر آپ بہت زیادہ پانی پیتے ہیں تو آپ خود کو بھرا ہوا محسوس کریں گے- جس سے آپ کو غیر ضروری یا اضافی اشیاﺀ کھانے اور مشروبات پینے کی طلب بھی نہیں ہوگی- یہ عمل نہ صرف آپ کے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دے گا بلکہ جسم سے زہریلے مادے بھی خارج ہوتے رہیں گے- اس طرح ایک ہی وقت صحت اور بچت دونوں فائدے آپ کی زندگی میں شامل ہوجائیں گے-