’ مذاکرات کیلئے تیار ہوں‘ پنج شیر پر طالبان کے قبضے کے بعد احمد مسعود کا بیان آگیا

کابل (قدرت روزنامہ) قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان سے مذاکرات کی پیشکش کردی۔

اپنے ایک بیان میں احمد مسعود نے کہا ہے کہ اگر طالبان پنج شیر اور اندراب میں پیش قدمی روک دیں تو قومی مزاحمتی محاذ قیامِ امن کی خاطر فوری طور پر جنگ بندی کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مزاحمتی محاذ طالبان کے ساتھ اختلافات کو اسلام اور اخلاقیات کی روشنی میں پرامن طریقے سے حل کرنے کا خواہاں ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ حکومت میں تمام گروپوں اور فرقوں کی نمائندگی شامل کی جائے گی۔

احمد مسعود کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب طالبان پنج شیر پر قبضہ کرچکے ہیں۔ اس وقت پنج شیر کے دارالحکومت میں لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل طالبان کی جانب سے کئی روز تک قومی مزاحمتی محاذ کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم مثبت پیش رفت نہ ہونے کے بعد طالبان نے پنج شیر پر حملہ کردیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert