متحدہ نے سندھ اسمبلی میں رعنا انصار کا نام بطور اپوزیشن لیڈر فائنل کرلیا


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے رعنا انصار کا نام فائنل کر لیا۔ایم کیو ایم نے علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا، ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی جلد ہی اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے اسمبلی سیکریٹریٹ میں درخواست جمع کروائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اسمبلی اجلاس سے کئی روز سے غیر حاضر ہیں۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدرات میں بہادرآباد مرکز پر رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے نام پر حتمی مشتاورت کی گئی۔
ترجمان کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کی پارلیمانی لیڈر رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کردیا گیا جبکہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر علی خورشیدی کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا۔اجلاس میں رابطہ کمیٹی نے اپوزیشن لیڈر کے نام کو کثرت رائے سے منظور کرلیا، راعنا انصار ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر نامزد ہوئی ہیں۔
حلیم عادل شیخ کو نگراں وزیراعلیٰ کا نام دینے کیلئے آنا ہوگا، مراد علی شاہ
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کے لیے تیار ہے، نگراں وزیراعلیٰ کا نام دینے کے لیے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو سامنے آنا پڑے گا۔جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ پورے سندھ میں بلدیاتی انتخابات یہاں کے لوگوں کے ووٹ سے جیتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ اسمبلی میں آئیں، الزامات ہیں تو ثبوت پیش کریں، اگر کوئی 35 ارکان پورے کرے تو اپوزیشن لیڈر تبدیل کرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہوتا، حلیم عادل شیخ معلوم نہیں کہاں سے ویڈیو بیان دیتے رہتے ہیں۔