گرل فرینڈ کے لیے پیزا لے کر جانے والا نوجوان چھت سے گر کر ہلاک


حیدرآباد دکن(قدرت روزنامہ) بھارت میں گرل فرینڈ کے لیے پیزا لے جانے والا نوجوان چھت سے گر کر ہلاک ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن کے رہائشی 20 سالہ محمد شعیب کی کچھ عرصہ قبل ایک لڑکی سے دوستی ہوئی تھی۔ محمد شعیب آدھی رات کو پیزا لے کر لڑکی سے ملنے اس کے گھر کی چھت پر پہنچا۔ شعیب ایک بیکری میں کام کرتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زینے پر قدموں کی آہٹ سنائی دینے پر محمد شعیب یہ سمجھا کہ لڑکی کے والد آ رہے ہیں اور اس نے گھبراہٹ میں چھت کے ایک کونے میں چھپنے کی کوشش کی اور پیر پھسلنے کے باعث چوتھی منزل سے نیچے گرگیا۔
محمد شعیب کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کردیا۔ محمد شعیب کے والد نے بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔