ایشیا کپ، پی سی بی کا پاک بھارت ٹاکرے کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان


کینڈی (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے کل سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے خواہش مند افراد کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹ سے شائقین کو ایشیا کپ کی اس آفر کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اس آفر کے ذریعے شائقین پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 ستمبر کو پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ پر خصوصی ڈسکاؤنٹ حاصل کرسکیں گے۔
پی سی بی کے اس خصوصی ڈسکاؤنٹ کے ذریعے شائقین 1500 سری لنکن روپے میں پاک بھارت ٹاکرے کا ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ 4 ستمبر کو بھارت اور نیپال کے درمیان میچ بھی اسی قیمت پر دستیاب ہوگا۔اس کے علاوہ شائقین کیلئے خصوصی پیکج میں دونوں میچوں کیلئے بھی ایک آفر دی گئی ہے۔ اس آفر میں شائقین صرف 2560 سری لنکن روپے میں دونوں میچز کا مزا لے سکیں گے۔
کرکٹ شائقین کینڈی میں ابیتھا گراؤنڈ باکس آفس سے موقع پر ہی تمام میچز کے ٹکٹس خرید سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کا تیسرا میچ کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کینڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاک بھارت ٹاکرے کیلئے بھارتی سورما اور پاکستانی شاہین میدان میں ٹکرائیں گے۔