بلوچستان میں پولیس خدمات تک رسائی بہتر بنانے کے لئے “پولیس خدمت مرکز” کا افتتاح


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ دفتر برائے انسدادِ منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کی جانب سے بلوچستان پولیس کے اشتراک سے کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا گیا . اپنی نوعیت کا یہ منفرد مرکز نفاذِ قانون کے شعبے میں شہریوں کی مرکزی حیثیت پر مبنی سوچ کا آئینہ دار ہے جو نہ صرف پولیس خدمات تک عوام کی آسان رسائی یقینی بنائے گا بلکہ شہریوں کے ساتھ مل کر ان کی خواہشات اور ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوششیں بھی کی جائیں گی .



یورپی یونین کے "ڈلیور جسٹس پراجیکٹ" کے مالی تعاون سے مکمل کیا گیا یہ منصوبہ بلوچستان میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے وسیع تر روڈمیپ کا ایک اہم ترین جزو ہے جس کا مقصد اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے شہریوں کو انصاف کی فراہمی، انصاف تک تمام طبقات بالخصوص خواتین اور محروم طبقات کی برابر رسائی یقینی بنانا اور سکیورٹی کے شعبے میں آئینی تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے . پولیس خدمت مرکز کا قیام یورپی یونین، یو این او ڈی سی اور بلوچستان پولیس کے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لئے پولیس خدمات کو بہتر بنایا جائے اور شہریوں کوتمام خدمات اور سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں .

پولیس خدمت مرکز کی افتتاحی تقریب کی صدارت کے فرائض بلوچستان کے انسپکٹر جنرل پولیس جناب عبدالخالق شیخ، پی ایس پی نے انجام دئیے جبکہ پاکستان میں یورپی یونین مندوب کے شعبہ تعاون کے سربراہ جناب جیروئن ولیمز اور پاکستان میں یو این او ڈی سی کے نمائندہ ڈاکٹر جیریمی ملسم بھی اس موقع پر موجود تھے .

پولیس خدمت مرکز کا بنیادی مقصد روایتی پولیس سٹیشنوں پر کام کے بوجھ میں کمی لانا اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنی تمامتر توانائیاں جرائم کی روک تھام کی اصل ذمہ داری کے لئے وقف کر سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے درمیان موجود فاصلوں کو ختم کر سکیں . جدید ترین سہولیات سے آراستہ اس مرکز میں تمامتر سرگرمیوں کے لئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ شہریوں کو فوری خدمات فراہم کی جائیں، عوام کے ساتھ مودبانہ برتاؤ کیا جائے، اور آن لائن ٹریکنگ سسٹم کے ساتھ ساتھ فیڈبیک کے نظام کے تحت ان خدمات پر شہریوں کی آراء بھی حاصل کی جائیں . مرکز کی منفرد خصوصیات میں صنفی ڈیسک، آئی ٹی سافٹ ویئر سلیوشنز اور سی سی ٹی وی کیمرے خاص طور پر قابل ذکر ہیں جو اپنی سہولیات، ماحول اور عوام کے ساتھ میل جول کے اعتبار سے اسے عام پولیس سٹیشنوں سے ممتاز بناتے ہیں . مرکز میں ہر قسم کی شکایات بالخصوص ایسے جرائم جو قابل دست اندازی نہیں ہیں، کے آسان اندراج کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جاتی ہے .

جدت آمیز سہولیات سے آراستہ اس مرکز کی بدولت خطے میں پولیس خدمات ایک نئے روپ میں عوام کے سامنے آئیں گی اور تمام ضروری خدمات اور سہولیات نہ صرف شہریوں کی آسان ترین رسائی میں ہوں گی بلکہ اشتراک عمل پر مبنی ایک ایسا فریم ورک بھی تشکیل دیا جائے گا جس کے ذریعے باہمی اعتماد اور افہام وتفہیم کو فروغ ملے . پولیس خدمت مرکز بلوچستان میں شہریوں کی بھرپور شمولیت کے ذریعے محفوظ اور پرسکون ماحول کے قیام کے لئے یورپی یونین اور یو این او ڈی سی کے مشترکہ وژن کی ایک عمدہ مثال ہے .
تقریب کے شرکاء نے بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی (بی جے اے) کی لائبریری کا دورہ بھی کیا جس کا افتتاح رواں سال کے شروع میں کیا گیا . قانون کی حکمرانی روڈمیپ کے تحت حکومتِ بلوچستان کے فوجداری انصاف کے اداروں کو تکنیکی، آپریشنل اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں ضروری معاونت فراہم کی گئی ہے . اکیڈمی میں کتب اور تحقیقی مواد کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹائزیشن کے لئے آئی ٹی معاونت اور کام کرنے کا سازگار ماحول یقینی بنانے کے لئے آرام دہ فرنیچر بھی مہیا کیا گیا ہے .

یورپی یونین کے مالی تعاون سے کام کرنے والا "روُل آف لاء پروگرام" اصلاحات کے اس عمل کو بھرپور طریقے سے جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے جس کا مقصد اداروں میں اصلاحات کی منصوبہ سازی، تشکیل اور عملدرآمد کے ذریعے قانون کی حکمرانی سے متعلق اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط بنانا ہے .

. .

متعلقہ خبریں