وزیراعلیٰ سندھ کے بیٹے کو اغوا کریں، علامہ راشد محمود سومرو کا کچے کے ڈاکوؤں سے مطالبہ
کراچی (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو نے سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں سے درخواست کی ہے کہ وہ غریب کے بچوں کے بجائے وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزراء اور ایم این ایز کے بچوں کو اٹھائیں۔
سوشل میڈیا پر جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکیریٹری علامہ راشد محمود سومرو کی ایک ویڈیو وائرل ہے، ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ راشد محمود سومرو اپنی گفتگو میں کہہ رہے ہیں ’ڈاکوؤں سے کہتا ہوں کہ خدارا ! غریب کے بچوں پر رحم کریں، ان کو آزاد کریں۔‘
کچے کے ڈاکوؤں سے گزارش کرتا ہوں کہ غریب کے بیٹوں کو رہا کرو۔ وزیروں ایم این اے ایم پی اے کے بیٹوں کو اٹھاؤ جیب بھر جائے گا
علامہ راشد خالد محمود سومرو صاحب😎🤔 pic.twitter.com/MbkVL2kyXS— ارم (سمن) ڈار (@summandar01) April 16, 2024
علامہ راشد محمود سومرو نے کچے کے ڈاکوؤں سے مطالبہ کیا ’اگر آپ کا پیٹ نہیں بھرتا تو اسپیکر سندھ اسمبلی کے بیٹے کو اٹھائیں، وزیراعلیٰ کے بیٹے کو اٹھائیں، پھر ایم پی ایز اور ایم این ایز جو جعلی مینڈیٹ سے آئے ہیں، آپ کے کچے کے پولنگ اسٹیشنوں سے جیت کر آئے ہیں، جھوٹے دروازوں سے آئے ہیں، ان کے بیٹوں کو اٹھائیں۔‘
انہوں نے کہا ’عجیب صورتحال ہے، امیروں کے بیٹے محفوظ، نوابوں، سرداروں کے بیٹے محفوظ، حکمرانوں کے بیٹے محفوظ، غریبوں کے بچے مر رہے ہیں، غریبوں کی بچیاں مررہی ہیں۔‘
رہنما جے یو آئی (ف) نے کہا ’ غریب کے بچوں نے مرنے کا ٹھیکہ اٹھایا ہے، کچے کہ ڈاکوؤں سے میری درخواست ہے کہ اللہ کی پکڑ بہت سخت ہے، آپ نے اللہ کے حضور پیش ہونا ہے، خدا کے لیے غریبوں پر ظلم کرنا بند کردیں۔‘