پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ بن چکی ہے اس میں رہنے کا فائدہ نہیں ، شبلی فراز


عمران خان سے ہماری ملاقات روکنے کے لیے اڈیالہ جیل بند رکھا گیا، رہنما پی ٹی آئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ بن چکی ہے۔ میرے خیال میں اس پارلیمان میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کی سینیٹ سے منظوری کےوقت پشاور میں مقدمات کی ضمانت لے رہا تھا۔ احتجاج تو پورے ملک میں ہو رہا ہے ہم نے پارلیمان میں بھی پرزور طریقے سے احتجاج کیا ہے۔ ہمارے ایم این ایز اور سینٹرز پر جو پریشر ڈالا جا رہا ہے وہ قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنے دہشتگردی کے مقدمات پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دیئے گئے اتنے تاریخ میں نہیں ہوئے۔ اگر آپ نے شبلی فراز، عمر ایوب اور بانی پی ٹی آئی پر دہشتگردی کے مقدمات بنا دیئے تو اس کا مطلب ہے آپ دہشت گردی کی سنجیدگی سے ناواقف ہیں۔ بغیر پاؤں والی کھوکھلی حکومت ایسے قوانین رائج کر رہی ہے کہ ملک سے لوگ بھاگ رہے ہیں۔ بے روزگاری اورغربت بڑھ رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات روکنے کیلئے اڈیالہ جیل کو بند رکھا گیا۔ حکومت نے سارے ملاقاتیوں کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ یہ جو بھی ہو رہا ہے یہ ایک راجواڑا سا بن گیا ہے۔ ہم نے ملک کا سوچنا ہے کسی انفرادی شخص یا پارٹی کے بارے میں نہیں۔ اسی کے مطابق ہی قانون سازی، پالیسیز بنیں گی ۔ہم اس ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ اس ملک کے عوام کیلئے اور قانون کی حکمرانی کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اگر ہماری حکومت آئی تو پہلی ترجیح یہ ہوگی اس ملک کو آگے کس طرح لے کر جائیں۔ یہ ایک ایسا معیار سیٹ ہے جو آج تک کسی مارشل لاء میں بھی نہیں دیکھا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا اس باعث ملک میں کوئی کاروبار نہیں ہو رہا۔ بڑی کمپنیاں اور پروفیشنلز ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ ابھی ایف بی ار 390 ارب روپے کے شارٹ فال کو پورا کرے گا یہ ناممکن ہے۔ملک کے 25 کروڑ عوام کو ہم اس طرح کی بے یقینی کیفیت میں نہیں ڈال سکتے۔ پورا ملک پیچھے جا رہا ہے بین الاقوامی سطح پر ہماری ہرزہ سرائی ہو رہی ہے۔ یہ امپورٹ ڈیوٹی بڑھانے لگے ہیں خسارہ ہے لیکن یہ نا اہلوں سے ہوگا نہیں۔ یہ نا اہل اور خود ساختہ حکومت نیا منی بجٹ لا رہی ہے جس سے پاکستانی عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔