ملکی حالات کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال اسلام آباد میں ہائی الرٹ جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، جبکہ ایمولینس سروس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک اسپتال ڈاکٹر عبدالولی خان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق موجودہ صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لیے سی سی ایم او ڈاکٹر تنویر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس لیے کسی بھی احتجاج سے گریز کیا جائے۔
آج وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی صورت میں کسی بھی جانی نقصان کی ذمہ داری ان پر ہی عائد ہوگی۔