کشمیر میں بھارت کی شکست کا جشن مودی اینڈ کمپنی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہئے، وزیر اطلاعات
ّ(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی شکست کے بعد کشمیر میں جو جشن منایا گیا وہ مودی اینڈ کمپنی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاکہ جس طرح مسلمانوں کو ایک بار پھر مودی کے چمچوں نے ذہنی اورجسمانی اذیت کا نشانہ بنایا اس کی مذمت کرنی ہو گی ، شدت پسندی کے خلاف آوازوں کو بلند ہونا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت کی خوشی میں جشن منایا، جس پرمعتصب ہندوؤں نے طلبا پر تشدد، مارپیٹ اور زدکوب کیا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرت ناک شکست دی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ، بھارتی بیٹسمینوں کا آغازہی مایوس کن تھا، بھارتی اوپنرپاکستانی بولر شاہین شاہ آفریدی کے سامنے بے بس نظر آئے۔
بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز بنائے، کپتان ویرات کوہلی نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 57 رنز بنائے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے،
ریشابھ پانٹ 39، سوریا کمار یاداو اور ہاردک پانڈیا نے 11،11 رنز بنائے،رویندر جڈیجا،13 جبکہ تجربہ کار بیٹسمین روہٹ شرما صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے بھارت کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
152 رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے جارحانہ آغاز کیا اور بھارتی باؤلرز کی درگت بنادی۔
کپتان بابر اعظم نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 52 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز بنائے ان کی اننگ میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیتے ہوئے محمد رضوان نے جارحانہ اننگ کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر ناقابل شکست 79 رنز اسکور کئے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی بدولت پاکستان نے بھارت کو عبرت ناک شکست دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔
پاکستان کی جیت کے بعد پاکستان بھر میں خوشی کا سماء ہے شائقین کرکٹ کی جانب سے مٹھائیاں اور مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پاکستان کے لئے ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کر دی ہے۔
پاکستان ورلڈکپ 1992سے 2019 تک بھارت سےکبھی نہیں جیتاتھا، 11 ورلڈکپ ایونٹس کے 12میچزمیں شکست کےبعدجیت کی تاریخ رقم کی گئی۔
